عمران خان نے یوم پاکستان کے موقع پر جیل سے پیغام جاری کردیا

راولپنڈی (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے جیل سے یومِ پاکستان کے موقع پر پیغام جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے پیغام میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ یومِ پاکستان کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

 

 

 

ہمارا عہد ہے کہ نہ غلامی کی کسی صورت کو قبول کریں گے اور نہ ہی دستور کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور قوم کی حقیقی آزادی سے کم کسی شے پر مطمئن ہوں گے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ یومِ پاکستان کے روز آج پاکستان کو بانیانِ پاکستان کے تصورات و فرامین کی روشنی میں دستور و قانون اور فلاح و ترقی سے آراستہ ایک جمہوری ریاست کی صورت میں ڈھالنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ اسی طرح یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہمارا اجتماعی فریضہ ہے کہ ہم ملک کو مسائل سے نکال کر ترقی کے راستے پر گامزن کریں، ملک میں عدل و انصاف، مساوات، شفافیت اور قانونی کی حکمرانی کے لئےجدوجہد جاری رکھیں گے۔ 23 مارچ کے موقع پر خصوصی پیغام میں انہون نے کہا کہ پاکستان کا قیام بلاشبہ برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد ، انتھک محنت اور عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، ہم آج کے دن وطن عزیز کے قیام کیلئے اپنے اسلاف کی شبانہ روز جدوجہد اور ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

 

 

علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ آج کا دن ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم مملکت خدا داد کی بقا و سلامتی اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کریں، پاکستان کو عظیم اور حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، ہمارے اسلاف نے باہمی اتفاق و اتحاد کے ذریعے پاکستان کا قیام ممکن بنایا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں