سینیٹ الیکشن، پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے پی ٹی آئی سے تعاون کی تجویز پر اپنا فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کی قیادت نے صوبائی تنظیم کو پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے ساتھ سینیٹ الیکشن میں تعاون کی کوششوں سے روک دیا۔

 

 

پیپلز پارٹی کے اہم رہنماؤں نے پنجاب میں خواتین اور ٹیکنو کریٹ کی سیٹوں پر پی ٹی آئی سے انتخابی تعاون کی تجویز پیش کی تھی، تاہم ، پارٹی قیادت نے صوبائی تنظیم کو اس معاملے میں روک دیا ہے۔ پارٹی رہنماؤں کی تجویز پی ٹی آئی کی طرف سے پیپلز پارٹی کی خصوصی کمیٹی کو مشروط پیشکش ملنے پر سامنے آئی تھی۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف نے ڈاکٹر یاسمین راشد کے لئے پیپلزپارٹی سے ووٹ کے لئے رابطہ کیا تھا اور بدلے میں خواتین کی نشست پر پیپلزپارٹی کی فائزہ ملک کو سپورٹ کرنے کی پیشکش کی تھی۔ تاہم، پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے تجویز کو پذیرائی نہیں دی۔ پیپلز پارٹی کے مطابق تحریک انصاف کی بجائے اپنی اتحادی جماعت مسلم لیگ ( ن ) کے ساتھ ہی چلیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close