وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کیلئے خطرہ ٹل گیا

پشاور ( پی این آئی ) پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف الیکشن کمیشن کی نااہلی کی کارروائی معطل کردی۔

 

 

تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی الیکشن کمیشن کے نا اہلی نوٹس کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت نے الیکشن کمیشن کی علی امین گنڈا پور کے خلاف نااہلی کی کارروائی معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا، دوران سماعت جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اب تو کسی ادارے کے پاس اختیار نہیں کہ وہ کسی کو صادق اور امین قرار دے۔ بتایا گیا ہے کہ درخواست میں وزیراعلیٰ کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن نے اثاثہ جات کیس میں 26 مارچ کو نوٹس جاری کیا ہے، الیکشن کمیشن کی کارروائی غیر قانونی ہے جسے کالعدم قرار دیا جائے کیوں کہ نوٹیفیکیشن ہونے کے بعد ممبر اسمبلی کے خلاف الیکشن کمیشن کارروائی نہیں کر سکتا بلکہ الیکشن ٹربیونل میں درخواست دی جا سکتی ہے۔

 

 

 

بتایا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کو نااہل قرار دینے کی درخواست قابل سماعت قرار دی تھی، اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کو نوٹس جاری کیا، جس میں علی امین گنڈا پور کو 26 مارچ کو ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کے سامنے پیش ہونے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا، درخواست پر الیکشن کمیشن کے 2 رکنی بنچ نے مختصر فیصلہ جاری کیا۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ ڈی آئی خان میں علی امین گنڈاپور کے نام پر 735 کنال زمین عارضی طور پر ٹرانسفر کی گئی زمین کے اصل مالک آصف خان تھے، 2020ء کے اثاثوں کی تفصیلات میں علی امین گنڈاپور کی گاڑی زمین کو بیچ کرلی گئی جو کہ غلط بیانی تھی، غلط بیانی پر علی امین گنڈاپور صوبائی اسمبلی کی نشست کے اہل نہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں