اسلام آباد(پی این آئی)بانی پی ٹی آئی مزید 2 مقدمات میں بری۔۔۔۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے لانگ مارچ توڑ پھوڑ کے مزید دو کیسز میں بانی پی ٹی آئی کو بری کر دیا۔عدالت نے شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، سیف اللّٰہ نیازی، عامر کیانی، علی نواز اعوان، راجا خرم، فیصل جاوید، شیخ رشید اور شیریں مزاری کو بھی دو کیسز میں بری کر دیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال نے بانی پی ٹی آئی و دیگر کی بریت کی درخواستیں منظور کیں۔عدالت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی و دیگر ملزمان پر لانگ مارچ کے دوران لوگوں کو اکسانے کا الزام ہے،
اگر پبلک کو بانی پی ٹی آئی و دیگر نے اکسایا تو پراسیکیوشن کو بادی النظر میں ثابت بھی کرنا ہو گا۔جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی و دیگر کے خلاف کوئی ثبوت عدالت میں جمع نہیں کروایا گیا، ان کے خلاف کیس چلانے کے لیے ریکارڈ ناکافی ہے۔عدالت نے کہا کہ پراسیکیوشن کی جانب سے جمع کروایا گیا ریکارڈ بانی پی ٹی آئی و دیگر ملزمان پر جرم ثابت کرنے کے لیے مضبوط نہیں، بانی پی ٹی آئی و دیگر ملزمان کو تھانہ بارہ کہو میں درج دو مقدمات میں بری کیا جاتا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی کی لانگ مارچ توڑ پھوڑ کے 2 کیسز میں بریت کی درخواست منظور کی تھی۔جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو 2 مقدمات میں بری کر دیا تھا۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں