پشاور(پی این آئی) خیبرپختونخواہ حکومت کا عمران خان کی حوالگی کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد خیبرپختوںخواہ حکومت کی جانب سے اہم مطالبہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخواہ کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ جعلی مینڈیٹ اور فارم 47 کی بنیاد پر وزیر اعلی بننی والی مریم نواز عمران خان کے خوف میں اس قدر بری طرح مبتلا ہے کہ اس نے پنجاب کی تمام جیلوں میں ملاقاتوں پر پابندی لگا دی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں قیدی نہ صرف اپنے رشتہ داروں اور دوستوں سے ملاقاتوں سے محروم ہوگئے ہیں بلکہ جیلوں میں قیدیوں کے لئے بھیجی جانی والی خوارک بھی ضائع ہو رہی ہے۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ حکومت مطالبہ کرتی ہے کہ اگر عمران خان کو سیکیورٹی خطرات یا خدشات ہیں اور پنجاب کی حکومت ان کی حفاظت کو یقینی نہیں بناسکتی تو انہیں خیبر پختونخواہ حکومت کے حوالے کردیں، ہم عمران خان کو خیبر پختونخواہ میں رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی نااہلی نالائقی اور عمران خان کے خوف کی وجہ سے بہانے بنانے،لوگوں کو تکلیف اور اذیت میں مبتلا کرنے کی بجائے عمران خان کو خیبرپختونخواہ حکومت کے حوالے کر دیں۔ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ مریم صاحبہ دن رات فوٹو شوٹ کرواتی رہتی ہیں، جو اصل کام ہے اس پر توجہ نہیں دے رہیں، جیلوں کی سیکیورٹی کا بہانہ ہے اور دہشتگردی کا واویلا ہے لیکن دہشتگردی کا کوئی واقعہ پنجاب میں ابھی تک ہوا ہی نہیں ہے۔ مریم نواز صرف شور شرابہ کرکے عمران خان کی وجہ سے لوگوں کو ان سے ملنے سے روکنے کے لیے بہانے تراش رہی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں