لاہور ( پی ای نآئی) پنجاب حکومت نے طلباء کو الیکٹرک بائیک کے ساتھ پٹرول بائیک بھی دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ طلباء پر بوجھ کم کرنے کیلئے ڈاؤن پیمنٹ 25 ہزاراور ماہانہ قسط 5 ہزار سے کم ہوگی، بائیکس کی تقسیم مئی سے شروع کی جائے گی، پوزیشن ہولڈر طلباء کیلئے الگ سکیم لائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت کابینہ کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سال 2023-24 کے سالانہ بجٹ اور ضمنی بجٹ گرانٹ کی منظوری کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں لاہور نالج پارک کو پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کے سپرد کرنے کی منظوری دی گئی۔ پاکستان کا سب سے بڑا آئی ٹی سٹی بنانے کے لئے اراضی سی بی ڈی کو منتقل کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ لاہور میں پاکستان کا پہلا آئی ٹی سٹی بنا رہے ہیں۔ گوگل، مائیکروسافٹ جیسے ٹیک جائنٹس نے آئی ٹی سٹی میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایک سال میں آئی ٹی سٹی کے دونوں ٹاورز مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نالج سٹی میں دنیا کے بڑے تعلیمی اداروں کو کیمپس بنانے کے لئے مدعو کیا جائے گا جس میں فلم سٹی بھی ہو گا۔ اجلاس میں پنجاب بینک کی طرف سے 20 ہزار الیکٹرک بائیک کی فراہمی کے پراجیکٹ کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ الیکٹرک بائیکس ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کیلئے ضروری ہے لیکن بیٹری چوری اور کم مائیلج کی وجہ سے فی الحال موزوں نہیں۔ الیکٹرک بائیک کے ساتھ پٹرول بائیک بھی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ طلباء پر بوجھ کم کرنے کیلئے ڈاؤن پیمنٹ کم کر کے 25 ہزار اور ماہانہ قسط بھی پانچ ہزار سے کم ہوگی۔ رواں سال مئی سے بائیکس کی تقسیم شروع کی جائے گی۔
امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کو بائیکس دینے کیلئے الگ سکیم لائیں گے۔ اجلاس میں عدالت کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے اٹک جیل سے اڈیالہ جیل میں ٹرائل کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے سی ای او پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی میں توسیع کی اصولی منظوری دی۔ کونسل آف کامن انٹرسٹ سیکرٹریٹ میں صوبائی نمائندگی سے متعلق سی سی ای کی سب کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی کارروائی کی توسیع کی گئی۔ کابینہ نے مشترکہ مفادات کونسل سیکرٹریٹ میں حکومت پنجاب کے گریڈ 19کی آسامی کی منظوری دی۔ اجلاس میں پنجاب ایئر ایمولینس پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بڑے لوگوں کے لئے سب سہولتیں ہیں، غریب آدمی کی زندگی بچانے کے لئے کچھ نہیں۔
اپنے لوگوں کو بروقت علاج کی ہر سہولت دینے چاہتے ہیں۔ سرگودھا میں ہارٹ ٹیک کے مریضوں کے علاج اور منتقلی کی مناسب سہولتیں نہ ہونا افسوس ناک ہے۔ دفاتر میں بیٹھ کر لگتا ہے کہ ایئر ایمبولینس کی ضرورت نہیں، مگر اس کی ضرورت ہے۔ریسکیو 1122 کو ایمرجنسی میں ایئر ایمبولینس کیلئے 11 سو کالیں موصول ہوئیں۔لاہور پی آئی سی ایمرجنسی میں ہارٹ اٹیک کے مریض دوردراز علاقوں سے 8 گھنٹے میں پہنچے۔ میں سمجھتی ہوں ایئر ایمبولینس کی ضرورت ہے۔ ایئر ایمبولینس پراجیکٹ کا ٹرائل بنیادوں پر آغاز کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہمیں غریب آدمی کی تکلیف محسوس نہیں ہوتی۔ کتنے دکھ کی بات ہے کہ سینیٹری ورکرز سیفٹی کٹ نہ ہونے کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔کابینہ نے پنجاب میں لاء افسران کی تعداد 66 کرنے کی اصولی منظوری دی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ مجھے ساڑھے 12 کروڑ عوام کو دیکھنا ہے صرف سیاسی فائدے کیلئے فیصلے نہیں کرنے۔ کسی کی سفارش کی ہے نہ کروں گی، کسی افسر کو لگانے کے لئے نہیں کہا۔ سرکاری ملازمت میں کرپشن، سیاسی وابستگی اور نا اہلی برداشت نہیں ہو گی۔ صوبائی وزراء، مشیر، چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب پولیس، سیکرٹریزاور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں