27تاریخ کو کیا ہونیوالا ہے؟ فیصل واوڈا کے بیان نے ہلچل مچادی

کراچی (پی این آئی ) سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ بریکنگ نیوز 27 تاریخ کو دوں گا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم لندن والی ٹیم سے میری مخالفت تھی، مصطفیٰ کمال، رؤف صدیقی، خالد مقبول صدیقی سے اچھا تعلق رہا ہے، اس لیے ایم کیو ایم پاکستان سے کوئی اختلاف نہیں ہے، جو اچھا کام کرئے گا اس کی تعریف کریں گے اور ایم کیو ایم نے اچھے کام بھی کیے ہیں، اچھے کام پر تعریف بھی کرنی چاہیئے۔علاوہ ازیں فیصل واوڈا کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب پارٹی کا سیزن چلے گا تو پارٹی دیکھ لیں گے، ابھی تک تو میں کسی کو جوائن نہیں کررہا کیوں کہ آزاد کا سیزن چل رہا ہے،اس لیے میں بھی ابھی تک آزاد ہوں اور آزاد ہی آؤں گا، ہار اور جیت کا الیکشن کے دن پتہ چلتا ہے، ہار اور جیت عزت کے ساتھ قبول کرنی چاہیے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ میں نے یہ ضرور کہا آصف زرداری کے بیٹے جیسا ہوں کیوں کہ آصف زرداری نے مجھے بیٹے کی طرح مخاطب کیا ہے لیکن میں ایک ہی پارٹی میں آیا تھا، جس میں 15سال کام کیا، پارٹی کی کچھ غلطیاں تھیں، جب پارٹی اور چیئرمین آسمان سے باتیں کررہےتھے تو مجھے نکال دیا گیا، اب تو میں ان کے بارے میں ہنس کر ہی بات کرسکتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کا حصہ بننے کیلئے بھی سیزن ہوتا ہے لین دین ہوتی ہے، 27 مارچ اور 2 اپریل اہم دن ہیں، جن کے ساتھ میں رہا ان کے بارے سوال کریں تو جواب دوں گا، آپ تمام پارٹیوں کے ساتھ مخالفت کرسکتے ہیں، اگر آپ آئی ایم ایف پر سیاست کررہے ہیں تو ملک اور لوگوں کی تقدیر سے کھیل رہے ہیں، آئی ایم ایف مخالف بیان کی ایسے ہی مذمت کرنی چاہیے جیسے 9 مئی کے واقعات کی ہوئی۔

فیصل واوڈا یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ عمران خان کو سمجھایا ان کو سمجھ نہیں آیا، اب بھی سمجھ نہیں آ رہا، عمران خان سے گزارش ہے مولا جٹ کی سیاست چھوڑیں اور جمہوری راستہ نکالیں، پاکستان کو، ادروں کو، قوم کو، اپنے آپ کو بھنور سے نکالیں، رمضان کے بعد علی امین گنڈاپور کیلئے پریشانیاں شروع ہوں گی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مدت پوری نہیں کر پائیں گے، میرے خیال سے یہ حکومت بھی دو ڈھائی سال ہی رہے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close