190ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس، عمران خان کیلئے اہم خبر آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) اسلام آباد ہائی کورٹ میں 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کی درخواست 20 مارچ کو سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری 20 مارچ کو ضمانت کی درخواست پر سماعت کریں گے، جمعرات کو چیف جسٹس کی عدم دستیابی کے باعث سماعت کی کاز لسٹ منسوخ ہوگئی تھی، رجسٹرار آفس نے ضمانت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرنے کی نئی کاز لسٹ جاری کردی، سماعت کے روز بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر دلائل ہونے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کی سماعت میں نیب کے مزید 3 گواہان کے بیانات قلمبند کرلیے گئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ اس حوالے سے مقدمے کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی جہاں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلاء بیرسٹر سلمان صفدر، بیرسٹر علی ظفر، عثمان گل اور ظہیر عباس چوہدری عدالت میں پیش ہوئے، اس دوران سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان بھی کمرہ عدالت میں موجود تھی، سماعت میں جیل حکام نے صرف 6 وکلا کو اندر جانے کی اجازت دی۔

بتایا گیا ہے کہ جیل حکام نے صرف 6 صحافیوں کو کارروائی کور کرنے کی اجازت دی جب کہ میڈیا کو جیل سے 2 کلو میٹر دور کوریج کی اجازت دی گئی، جیل کے اندر اور اطراف کی سیکیورٹی بھی سخت کردی گئی تھی، اس کے علاوہ رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی اہلیہ، بیٹا اور بیٹی بھی ملاقات کے لیے جیل کے باہر موجود تھی، وکلا کی بڑی تعداد بھی جیل کے باہر موجود تھی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سب کچھ جھوٹ پر چل رہا ہے، الیکشن جھوٹے ہوئے، اداروں کی ساکھ ختم کر دی گئی ہے، اب سکیورٹی تھریٹ کا کہا جا رہا ہے، یہ بھی جھوٹ ہے، سارا ملک جھوٹ پر چل رہا ہے، ادارے تباہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو میدان میں نہیں آنے دیا گیا، ووٹرز نے پولنگ ڈے پر ان سے بدلہ لیا، لیکن ووٹ کے ذریعے تبدیلی کو تسلیم نہیں کیا گیا، انہوں نے مینڈیٹ چھین کر قوم کی امید ختم کر دی ہے، میری ساری پیشگوئیاں سچ ثابت ہوئیں ہیں، اب بتا رہا ہوں پاکستان میں سری لنکا والا کام ہونے جا رہا ہے، اب مہنگائی میں اضافہ ہو گا اور عوام باہر نکل آئے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں