میر مرتضیٰ بھٹو نے دوسرا جنم لے لیا

کراچی(پی این آئی)سابق وزیر اعظم و پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی پوتی، میر مرتضیٰ بھٹو کی بیٹی اور معروف مصنفہ فاطمہ بھٹو کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر فاطمہ بھٹو نے بیٹے کی پیدائش کا اعلان کرنے کے ساتھ ننھے مہمان کا نام بھی بتا دیا۔فاطمہ بھٹو نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہمیں بیٹے کی پیدائش کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔انہوں نے بیٹے کا نام اپنے مرحوم والد کے نام سے منسوب کرتے ہوئے ’میر مرتضیٰ بائرہ‘ رکھا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر بیٹے کی پیدائش کے حوالے سے اعلان کرتے ہوئے جذباتی کیپشن بھی شیئر کیا اور بتایا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کا نام ’میر مرتضیٰ بیرا‘ کیوں رکھا ہے۔انہوں نے لکھا کہ گراھم اور میں اپنے بچے کی پیدائش کی خبر شیئر کرکے بہت خوش ہیں۔انہوں نے اپنے والد کے نام سے منسوب بیٹے کے نام کے حوالے سے لکھا کہ میں اپنے بیٹے کو ایک ایسا نام دینا چاہتی تھی جو اسے اس وقت ہمت اور مہربانی سے نوازے جب وہ دنیا میں اپنا راستہ بنا رہا ہو۔فاطمہ بھٹو نے لکھا کہ میں اپنے بیٹے کا ایک ایسا نام رکھنا چاہتی تھی جو اس کی زندگی کے لیے مشعل راہ بنے، اس کے ساتھ ہی یہ نام اس کے لیے محبت اور طاقت کی ڈھال بن جائے، ایک ایسا نام، جس کے بارے میں وہ یہ جانتا ہو کہ اسے اس کی والدہ کی دل کی گہرائیوں سے دیا گیا ہے، جو اسے زندگی بھر تحفظ کا احساس دلائے۔انہوں نے اپنے ننھے شہزادے کے لیے نیک تمناؤں کے ساتھ مزید لکھا کہ میں اسے ایک ایسا نام دینا چاہتی تھی جو اسے ایک دلکش اور بےخوف و نڈر بنائے، اسے اپنے وطن سے محبت اور خوشیاں سب ایک ساتھ اور برابر عطا کرئے اور جب کبھی میں نے اس حوالے سے سوچا کہ ایسا کون سا نام ہوسکتا ہے جس میں یہ تمام خوبیاں ہوں تو ہمیشہ میرے ذہن میں اپنے پیارے والد کا نام ہی آیا۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے دعاؤں کی درخواست بھی کی ہے۔یاد رہے کہ فاطمہ بھٹو اور امریکی شہری گراھم بیرا (جبران) کے نکاح کی مختصر تقریب گزشتہ برس 28 اپریل کو خاندانی گھر 70 کلفٹن میں ان کے دادا پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی لائبریری میں منعقد ہوئی تھی، جس میں عزیز اور اقارب اور قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔سابق وزیر اعظم و پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے اور ان کے ہم نام جونیئر ذوالفقار علی بھٹو نے بھی اپنے بھانجے کی پیدائش کا اعلان کیا اور دعاؤں کی درخواست کی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں