لاہور(پی این آئی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی قرض ٹرم شیٹ مسترد کرتے ہیں، عالمی مالیاتی ادارے کی ایما پر قومی اداروں کی نجکاری قبول نہیں، حکومت آئی ایم ایف مشن سے اگلی قسط پر نہیں، مزید غلامی پر مذاکرات کر رہی ہے۔
فلسطینی عوام کے قتل عام پر نیتن یاہو کی ہٹ دھرمی برقرار ہے، عالمی برادری جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرے۔منصورہ میں خطبہ جمعہ اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انگریز چلا گیا اپنا نظام اور وفادار چھوڑ گیا، معیشت سود کے سہارے چل رہی، عدالتوں میں قرآن کے مطابق فیصلے نہیں ہوتے، سیاست پر خاندانوں کا قبضہ ہے، ملک اسلام کے لیے بنا، لیکن 76برسوں میں یہاں ایک دن کے لیے بھی اسلامی نظام نافذ نہیں ہوا، ملک کی امامت اور قیادت لٹیروں کے ہاتھوں میں ہے، آنکھیں بند کر کے ووٹ دینے کے نتائج بھیانک نکلیں گے، حکمران لوٹ مار میں ملوث ہے اور اللہ کے نظام کو نافذد نہیں کر رہا تو اسے ووٹ دینے والے بھی اللہ کے سامنے جوابدہ ہوں گے، جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں