اسلام آباد (پی این آئی) ادویات بنانے والی کمپنیوں نے بلڈپریشر اور ڈائریا کی دواؤں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا ہے۔
فارماسیوٹیکل کمپنیوں نے بلڈ پریشر اور بچوں میں ڈائریا کے مرض میں استعمال ہونے والی دواؤں کی قیمتیں یکمشت 500 روپے سے 1400 روپے تک بڑھا دیں۔بلڈ پریشر کی دوا ٹیلوکس کی قیمت 1596 روپے سے بڑھا کر 2990 روپے کردی گئی،اسی طرح ڈائریاکی دوا انٹیرو جرمینیا کی قیمت 1209روپے سے بڑھاکر 1703روپے مقرر کر دی گئی ہے۔قبل ازیں حکومت نے جان بچانے والی 146 ادویات کی قیمتیں بڑھانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا،کینسر، ویکسین اور اینٹی بائیوٹک دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے حکومت کو262 ادویات کی قیمتیں بڑھانے کی سمری بھیجی گئی تھی۔حکومت نے 146 ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے جبکہ لسٹ میں شامل 116 ادویات کی قیمتیں فارماسیوٹیکل کمپنیاں خود بڑھائیں گی۔ حکومت اب صرف نیشنل اسینشل میڈیسنز لسٹ میں شامل 464 ادویات کی قیمتوں پر کنٹرول رکھے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں