عدالت نے سخت سزا سنا دی

راولپنڈی (پی این آئی)راولپنڈی میں عدالت نے کرپشن میں ملوث 2 مجرموں کو قید اور جرمانہ کی سزا سنادی۔

مجرمان محکمہ ڈاک کے ملازم تھے، مجرمان نے سیونگ اکاؤنٹس میں 70 لاکھ روپے کی خرد برد کی۔ مجرموں کے خلاف سال 2014 میں اینٹی کرپشن سرکل راولپنڈی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمے کی سماعت مکمل ہونے پر سپیشل جج سینٹرل راولپنڈی امجد علی شاہ نے سزا سنائی۔ مجرمان میں محبوب حسین اور عطاء الرحمٰن شامل ہیں۔ ملزمان کو کرپشن ثابت ہونے پر سزا سنائی گئی۔ مجرم محبوب حسین کو مجموعی طور 14 سال قید اور 70 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی گئی، جرمانہ ادا نا کرنے کی صورت میں مزید ایک سال کی قید کی سزا ہو گی، جبکہ مجرم عطاء الرحمٰن کو بھی مجموعی طور 14 سال قید اور 28 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی، جرمانہ ادا نا کرنے کی صورت میں مزید ایک سال کی قید کی سزا ہو گی۔ معزز جج نے سپرٹنڈنٹ جیل سینٹرل راولپنڈی کو مجرموں کی قانون کے مطابق سزا پہ عملدرآمد کے احکامات جاری کیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close