وزیر خزانہ کی تعیناتی کس کے کہنے پر ہوئی؟ بڑا انکشاف

لاہور( پی این آئی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر وزیرخزانہ کی تعیناتی ہوئی، ایک ایسے شخص کو معیشت کا انچارج بنایا گیا جو وزیر پہلےاور پاکستان کا شہری بعد میں بنا۔

جمعرات کے روز جماعت اسلامی کے مرکز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی، عوام کا حق چرایا گیا، زہریلی پولرائزیشن بڑھ گئی، اب اس کا خاتمہ حکومت کی ذمہ داری ہے، ضروری ہے کہ عوام کو اس کا حق واپس دیا جائے، حکومت پہلے مرحلہ میں تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے، پولرائزیشن کا خاتمہ نہ ہوا تو رہی سہی جمہوریت بھی ختم ہوجائے گی۔ جماعت اسلامی سولین بالادستی چاہتی ہے،اس مقصد کے حصول کے لیے نظام کو ٹھیک کیا جائے۔ امیر جماعت نے کہا کہ حکومت میں موجود پارٹیاں عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں، لوگ مہنگائی سے بے حال ہیں، حکمرانوں کا ہنی مون چل رہا ہے، رمضان کے مہینے میں بسم اللہ کر کے سب سے پہلے 300 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کا وعدہ پورا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر وزیرخزانہ کی تعیناتی ہوئی، ایک ایسے شخص کو معیشت کا انچارج بنایا گیا جو وزیر پہلے اور پاکستان کا شہری بعد میں بنا، اب عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے مزید شرائط سامنے آئیں گی، مہنگائی میں اضافہ ہوگا، عوام پر نئے ٹیکسز لگائے جائیں گے۔ 23 بار آئی ایم ایف کا تجربہ ناکام ہوا، 24 ویں بار کیسے کامیاب ہوگا؟ معیشت بہتر کرنی ہے تو سود اور کرپشن کا خاتمہ اور مینجمنٹ کو بہتر کرنا ہوگا، زکوٰۃ اور عشر کا نظام متعارف کرایا جائے، اس وقت خاندانوں کی حکومت ہے، شہزادے شہزادیاں موج میں، عوام پس رہے ہیں، موجودہ حکومت ماضی کا تسلسل ہے، فارم 47 والے اقتدار میں، فارم 45 والے احتجاج کررہے ہیں، بہتری کی کوئی توقع نہیں، اسٹیبلشمنٹ نے جس پارٹی کو 2018 میں نوازا، 2024 میں اسے محروم کردیا۔

حکمران پارٹیاں اسٹیبلشمنٹ کی سرپرستی کے بغیر سیاست نہیں کرسکتیں۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی فلسطین کے عوام کے حق میں بھرپور آواز اٹھا رہی ہے، ہمار امطالبہ ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے، فلسطینی عوام ایک طرف بارود کی آگ میں جل رہے ہیں دوسری طرف فاقہ کشی اور ادویات کی کمی کی وجہ سے مررہے ہیں، جماعت اسلامی کی الخدمت فاؤنڈیشن مسلسل اہل فلسطین کو امداد پہنچارہی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ اسلامی ممالک اور خصوصی طور پر پاکستان کی حکومت غزہ کے مظلوموں کی مدد کے لیے عملی اقدامات کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں