اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے مختلف حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل غیر آئینی قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں بانی چئیرمین عمران خان کے مقدمات کے حوالے سے قانونی ٹیم کی کور کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی، کور کمیٹی نے عمران خان کو جعلی مقدمات میں بغیر کسی قانونی و آئینی جواز کے پابند سلاسل رکھنے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ توشہ خانہ اور سائفر جیسے جھوٹے مقدمات کے غیر منصفانہ بدترین ٹرائل کے بعد عجلت میں سنائی جانے والی سزاؤں سے عمران خان کو نشانہ انتقام بنانے کے ریاستی عزائم پوری طرح آشکار ہو چکے ہیں۔ اجلاس کے علامیہ میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کو غیرآئینی سزائیں سنانے کے سیاہ عدالتی فیصلوں کے خلاف اپیلوں کی کارروائی کو بلاجواز تاخیری حربوں کی نذر کیا جا رہا ہے، عمران خان کے خلاف تمام مقدمات کی کارروائی کو آئینی و قانونی تقاضوں کے تحت آگے بڑھاتے ہوئے ان جھوٹے اور لغو کیسز کا خاتمہ کر کے بانی چئیرمین کی رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔
معلوم ہوا ہے کہ کور کمیٹی نے سابقہ خاتون اول محترمہ بشریٰ بی بی کی صحت اور زندگی کو لاحق خطرات اور ان کی سیکیورٹی کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا، اس حوالے سے کور کمیٹی کا کہنا ہے کہ بانی چئیرمین کی اہلیہ محترمہ بشریٰ بی بی کو ان کی مرضی کے خلاف بنی گالہ سب جیل میں قید رکھنے اور ان کی جان کو خطرے میں ڈالنے کی شدید مذمت کرتے ہیں، سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی اور ان کی صحت اور زندگی کو لاحق خطرات کے فوری ازالہ کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اعلامیہ سے پتا چلا ہے کہ کور کمیٹی کی جانب سے پنجاب کے مختلف حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل غیر آئینی قرار دیا گیا، اس حوالے سے کور کمیٹی نے کہا کہ 8 فروری کے بعد نئے سرے سے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر تحریک انصاف کی آئینی نشستیں چھین کر غیر قانونی طور پر ن لیگ کو دی جا رہی ہیں، تحریک انصاف کے امیداروں کے پاس موجود حقیقی فارم 45 کی روشنی میں ان تمام حلقوں کا بھی آڈٹ کیا جائے اور تحریک انصاف کی چوری شدہ تمام نشستیں آئین و قانون کے مطابق واپس کی جائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں