اسلام آباد ( پی این آئی) وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان سی پیک کے دوسرے مرحلے کی طرف بڑھنے کیلئے تیار ہے۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا مقصد سرخ فیتے کا خاتمہ اور رکاوٹوں کو دور کرنا ہے، پاکستان صنعتی پارکس اور ایکسپورٹ زونز بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعدغیر ملکی میڈیا چین کی شِنہوا نیوز ایجنسی کو اپنا پہلا خصوصی انٹرویو دیا ۔ جس میں وزیراعظم شہبازشریف نے وسیع موضوعات پر گفتگو کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین مشترکہ ترقی اور خوشحالی کیلئے مل کر آگے بڑھیں گے، پاکستان اور چین متحد ہو کرمشترکہ ترقی اور خوشحالی کے مقاصد کو حاصل کریں گے۔ دونوں ملکوں نے 70 سال پر محیط دوستی کو تمام حالات میں آہنی بھائیوں کی طرح نبھایا۔ صدر شی چن پنگ کی پاکستان کیلئے مسلسل حمایت کو دل کو گہرائیوں سے سراہتے ہیں، پاکستان کو چین کے جدیدیت کے ماڈل کی تقلید کرنی چاہیے، یہ عظیم کامیابی کا نمونہ ہے۔
وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ چین نے کروڑوں لوگوں کو تعلیم، صحت، طبی سہولیات اور روزگار تک رسائی فراہم کی، چیلنجز کے باوجود چین کی ترقی دوسرے ممالک کے مقابلے میں بتدریج آگے بڑھ رہی ہے، بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو انتہائی بصیرت والا منصوبہ ہے، پاکستان سی پیک کے دوسرے مرحلے کی طرف بڑھنے کیلئے تیار ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ساتھ کام کر رہا ہے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا مقصد سرخ فیتے کا خاتمہ اور رکاوٹوں کو دور کرنا ہے، پاکستان صنعتی پارکس اور ایکسپورٹ زونز بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں