اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ مہنگائی، شرح سود اور حکومتی اخراجات میں جلد کمی کی توقع ہے، حکومت کو پہلے اپنا گھر ٹھیک کرنا ہوگا، دوست ممالک سے قرض لے کر رول اوور کرانے کا فارمولہ اب نہیں چلے گا۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے مہنگائی اور شرح سود میں جلد کمی کی توقع ظاہر کی اور حکومتی اخراجات میں کمی کا بھی عزم کیا، حکومت کو اپنے اخراجات میں کمی لانا ہوگی۔ آپ دیکھیں گے کہ اقدامات اعلانات سے زیادہ نظر آئیں گے۔اقتصادی بیماریوں کو فکس کرنے کیلئے کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے،اس وقت میکرو استحکام ہے اس کو مستقل کرنا ہے، کوئی سویچ نہیں ہے جس کو دبائیں تو میکرواستحکام کے ثمرات ملنا شروع ہوجائیں۔ 2024 کی پہلی سہ ماہی ہمارے لئے اچھی رہی ہے، ہمیں بہت اچھی طرح معلوم ہے کہ ہمیں کیا کرنا ہے،حکومت کو پہلے اپنا گھر ٹھیک کرنا ہوگا،ہمیں اپنے اخراجات کو کم کرنا ہوگا۔
وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ دوست ممالک نے ہمیں عندیہ دیا ہے کہ پاکستان کی مدد کرنا چاہتے ہیں مگر امداد کی صورت میں نہیں سرمایہ کاری کے ذریعے مدد کرنا چاہتے ہیں، دوست ممالک سے قرض لے کر رول اوور کرانے کا فارمولہ اب نہیں چلے گا، پی آئی اے نجکاری کا عمل درست سمت میں آگے بڑھا رہا ہے، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو بھی پرائیویٹ سیکٹر میں لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ انویسٹمنٹ بھی ایس آئی ایف سی کے ذریعے کی جاسکتی ہے، سی پیک کے دوسرے مرحلے کو فاسٹ ٹریک کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو لیکج روکنے کیلئے ایف بی آر کی ڈی جیٹائزیشن کرنا ہوگی، ایف بی آر پر اعتماد کے فقدان کو ڈی جیٹائزیشن کے ذریعے ختم کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں