وزیراعلیٰ کے پی کا صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے متعلق بڑا اعلان

پشاور (پی این آئی ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صدر کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کی تقریب حلف برداری میں شرکت نہیں کروں گا، آصف زرداری فارم 45 نہیں 47 والے صدر ہیں، انہیں صدر مانتا ہوں اور نہ ہی ان کی حلف برداری میں جاؤں گا۔بتایا گیا ہے کہ مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف پشاور میں رنگ روڈ کتوبر چوک پر احتجاجی جلسہ کرے گی، اس حوالے سے تیاریاں کی جارہی ہیں، پی ٹی آئی کے صوبائی صدر اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور جلسے سے خطاب کریں گے، جنہوں نے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے چیف الیکشن کمیشن سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ نو منتخب صدر آصف زرداری کی تقریب حلف برداری آج شام 4 بجے ایوان صدر میں ہوگی جہاں وہ اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نومنتخب صدر سے حلف لیں گے جب کہ وزیر اعظم شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوں گے، وزرا، مختلف ممالک کے سفیروں کو بھی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close