صدر زرداری سب سے پہلے ایوانِ صدر کو غسلِ جمہوریت دیں گے، سینیٹر عرفان صدیقی

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ نومنتخب صدر آصف علی زرداری ایوانِ صدر جانے کے بعد سب سے پہلے اُسے غسلِ جمہوریت دیں گے کیونکہ پی۔ٹی۔آئی سے تعلق رکھنے والے صدر عارف علوی نے ساڑھے پانچ سال کے دوران جمہوری روایات اور آئینی تقاضوں کو بُری طرح کچلا اور ایوانِ صدر کے تقدس کو پامال کیا۔

 

 

 

یہ بات انہوں نے پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر اخبارنویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس سوال کے جواب میں کہی کہ صدر زرداری منصب سنبھالنے کے بعد پہلا کام کیا کریں گے؟ سینیٹرعرفان صدیقی نے مزید کہا کہ صدر فضل الہی چوہدری، صدر فاروق لغاری، صدر رفیق تارڑ، صدر ممنون حسین اور صدر آصف علی زرداری سب کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے تھا لیکن اُنہوں نے ایوانِ صدر کو جماعتی مفادات سے آلودہ نہیں کیا۔ لیکن صدر علوی نے ایوانِ صدر کو بنی گالہ اور زمان پارک بنائے رکھا۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے توقع ظاہر کی کہ صدر زرداری جمہوری روایات کو مستحکم کریں گے اور ملک کو سیاسی انتشار سے بچانے کے لئے نہایت تعمیری کردار ادا کر یں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں