اسلام آباد(پی این آئی) پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کو سینیٹر بنانے کا فیصلہ، محسن نقوی حکومتی اتحاد کی جانب سے سینیٹ کا الیکشن لڑیں گے ۔
محسن نقوی کو سینیٹر منتخب کرانے کے بعد اہم وفاقی وزارت دینے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔تاہم وہ سینیٹر منتخب ہونے کے بعد بھی پی سی بی چیئرمین کا عہدہ اپنے پاس رکھیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو سینیٹر بنوانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پنجاب سے سینیٹر کیلئے حکومتی اتحاد کے امیدوار ہوں گے۔ محسن نقوی موجودہ حکومت قائم ہونے سے قبل نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے پر فائز تھے جبکہ وہ اس وقت چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ حال ہی میں وہ پی سی بی کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے تھے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ کے انتخابات 3 اپریل کو کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے سینیٹ کے انتخابات کا شیڈول تیار کیا ہے جس کے مطابق سینیٹ کی 48 نشستوں کیلئے پولنگ 3 اپریل کو قومی و چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہو گی۔ 3 اپریل کو سندھ اور پنجاب سے 12،12 جبکہ اسلام آباد کے 2 سینیٹرز کا انتخاب ہو گا، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے 11،11 نئے سینیٹرز منتخب ہوں گے۔سینیٹ کے 52 سینیٹرز 11 مارچ کو اپنی مدت پوری کر کے ریٹائر ہوجائیں گے، پنجاب اور سندھ کے 12،12 جبکہ سابقہ فاٹا کے 4 سینیٹرز کی مدت پوری ہو جائے گی، اسی طرح خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے 11،11 جبکہ اسلام آباد کے 2 سینیٹرز مدت پوری ہونے پر ایوان بالا کو خیر باد کہہ جائیں گے۔ سینیٹ کی خالی ہونے والی نشستوں میں یوسف رضا گیلانی، مولانا عبد الغفور حیدری، نثار کھوڑو، جام مہتاب، پرنس احمد عمر اور سرفراز بگٹی کی نشستیں شامل ہیں۔قومی اسمبلی کے اراکین اسلام آباد سے ایک نشست پر رکن کو منتخب کریں گے جبکہ سندھ اسمبلی کے اراکین 2 اور بلوچستان اسمبلی کے اراکین 3 ممبران کو منتخب کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں