راولپنڈی (پی این آئی) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ باجوہ نے ہمیں بھی کہا تھا کہ اچھے بچے بن جاؤاور چپ کرکے بیٹھ جاؤ۔
مولانا فضل الرحمان اور خواجہ آصف کہہ چکے کہ باجوہ نے حکومت گرانے کا کہا تھا،پرامن احتجاج اگر ٹکراؤ ہے تو پھرجمہوریت کو ختم کردیں، غلام بن کر نہیں بیٹھ سکتا، ووٹ کسی کو پڑاجتوا کسی اور کو دیا گیا،اتوار کو دھاندلی کے خلاف پشاور میں بڑا جلسہ کریں گے۔ میڈیا کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورکمانڈرز کانفرنس اعلامیئے کی تائید کرتا ہوں، 9مئی میں ملوث ملزمان کو کڑی سے کڑی سے سزا ملنی چاہیے، ہماری پارٹی فوج کے خلاف نہیں ہے، 9 مئی کے واقعات پر کمیشن بننا چاہئے، سی سی ٹی وی ویڈیوز کے ذریعے نو مئی واقعے میں ملوث عناصر کا تعین کیا جائے، کیپٹل ہل حملہ میں بھی سی سی ٹی وی کے ذریعے لوگوں کو پکڑا گیا تھا۔ سانحہ 9 مئی پر ابھی تک جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنایا گیا، سانحہ 9مئی کی آزادانہ انکوائری میں کسی کی دلچسپی نہیں،8فروری سے کسی نے مجھ سے رابطہ نہیں کیا۔
مجھے معلوم ہے کیوں رابطہ نہیں کیا گیا، بتانا نہیں چاہتا۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہماری مخصوص نشستیں چھین کر جمہوریت کی دھجیاں اڑائیں، سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ دے کر جمہوریت کی نفی کی گئی، جن کی مخصوص نشستیں نہیں بنتی تھیں ان کو کیسے دی گئیں؟ سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ دینا غیرآئینی عمل ہے، اتوار کو دھاندلی کے خلاف پشاور میں بڑا جلسہ کریں گے، ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ دھاندلی زدہ الیکشن ہوا ہے، دھاندلی زدہ الیکشن سے ملک کی معیشت بیٹھ جائے گی، سیاسی استحکام کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، ایس آئی ایف سی سے کبھی ملکوں میں سرمایہ کاری نہیں آتی، شریفوں کی سیاست ایس آئی ایف سی پر منحصر ہے ،شریف خاندان کا یوٹرن پہلے ووٹ کو عزت دو، اب بوٹ کو عزت دو ہے۔ انتخابات میں دھاندلی کا الزام الیکشن کمیشن اور نگران حکومت پر آتا ہے۔
الیکشن جیتنے والوں کو بھی پتا ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے۔یہ اگر سمجھتے ہیں الیکشن ٹھیک ہوئے ہیں تو صرف4 حلقوں کا آڈٹ کرا لیں، پشاور سے نورعالم، لاہور سے نوازشریف کے حلقے کا آڈٹ کرا لیں، اس الیکشن سے صرف تین جماعتوں کو فائدہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ کیا پرامن احتجاج ٹکراؤ ہے، اگر یہ ٹکراؤ ہے تو جمہوریت کو ختم کردیں، مولانا فضل الرحمان اور خواجہ آصف کہہ چکے ہیں کہ باجوہ نے حکومت گرانے کا کہا تھا، باجوہ نے ہمیں بھی کہا تھا کہ اچھے بچے بن جاؤاور چپ کرکے بیٹھ جاؤ، غلام بن کر نہیں بیٹھ سکتا، ووٹ کسی کو پڑاجتوا کسی اور کو دیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں