اسلام آباد ( پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ حکومت کو نہیں چلنے دیں گے اسے بھگا دیں گے۔
قومی اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لیڈر جیل میں ہے مگر ہم آگے بڑھ رہے ہیں، قومی اسمبلی میں امتیازی سلوک کیا جارہا ہے، ہمیں بطور اپوزیشن لائیو کوریج نہیں دی جارہی، پیر کے اجلاس میں ہمیں لائیو دکھایا جائے ورنہ ہم اجلاس کابائیکاٹ کریں گے، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا احترام کرتے ہیں لیکن یہ لوگ ہمیں بھی عزت دیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ ہم نے 180 سیٹیں جیتی ہیں، مخصوص نشستیں ملا کر ہماری 235 سیٹیں بنتی ہیں، حکومتی بینچوں نے ہمارا ووٹ چرایا ہے، یہ ووٹ کے چور اور یہ قومی خزانے کے بھی چور ہیں، یہ لوگ کس بے حسی کے ساتھ بے شرمی کے ساتھ ایوان میں بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 8 فروری کے انتخابی نتائج کے مطابق پاکستان کے غیور عوام نے عمران خان کو ووٹ دیا، عمران خان کے نظریے کو ووٹ دیا ہے، اپنے حق کے لیے ایوان کے اندر بھی احتجاج کریں گے، ایوان کے باہر بھی احتجاج کریں گے، یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ہمارا چھینا گیا مینڈیٹ واپس نہیں مل جاتا۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی الیکشن کے نتائج کا اعلان کردیا گیا جس میں بیرسٹر گوہر ایک مرتبہ پھر بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے، عمر ایوب بلا مقابلہ جنرل سیکریٹری مںتخب ہوئے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے انفارمیشن سیکریٹری رؤف حسن نے بتایا کہ انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے کے لیے کم از کم 6 ماہ سے ممبر ہونا ضروری ہے۔
ہم نے تیسری دفعہ انٹرا پارٹی الیکشن کرائے ہیں، ہم نے الیکشن رولز کے مطابق الیکشن کرائے، چیئرمین پی ٹی آئی کے لیے ہمیں 4 درخواستیں ملیں جن کی سکروٹنی کے بعد 3 درخواستیں منظور کی گئیں، جب کہ نوید انجم خان کی درخواست مسترد کی گئی کیوں کہ انہوں نے عام انتخابات میں پی ٹی آئی سپورٹڈ امیدوار کے خلاف الیکشن لڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر امیدواروں کی جناب سے کاغذات واپس لیے جانے کے بعد بیرسٹر گوہر کے خلاف کوئی امیدوار نہیں رہا اور وہ بلامقابلہ تحریک انصاف کے چیئرمین منتخب ہوگئے، سیکریٹری جنرل کے پینل کے لیے ہمیں ایک ہی درخواست ملی جس کی وجہ سے عمر ایوب کو بھی بلامقابلہ سیکریٹری جنرل منتخب کر لیا گیا ہے جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے انٹر اپارٹی انتخابات میں علی امین گنڈاپور پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے بلا مقابلہ صدر منتخب ہوچکے ہیں۔
اس موقع پر فیڈرل الیکشن کمشنر سندھ نورالحق قریشی نے بتایا کہ فیڈرل سمیت صوبوں میں بھی پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن قوانین کے مطابق کروائے گئے، خاوند بخش اور حلیم عادل دونوں کے پینلز کو نمبر آلاٹ کیا گیا، تاہم پینل نمبر 2 سے محمد ظہیر نااہل ہوئے، قوانین کے تحت ایک بھی ممبر نا اہل ہو جائے تو پورا پینل ڈسکوالیفائی ہو جاتا ہے، اس لیے سندھ میں حلیم عادل شیخ کا پینل بلا مقابلہ منتخب ہو گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں