ریحانہ ڈار کا خواجہ آصف کو کھلم کھلا چیلنج

لاہور(پی این آئی) ریحانہ ڈار کا خواجہ آصف کو کھلم کھلا چیلنج۔۔۔۔۔۔ ریحانہ ڈار کا خواجہ آصف کو ہائیکورٹ میں سامنا کرنے کا چیلنج، کہا خواجہ آصف تمہیں کرسی تو مل گئی ساتھ ذلت بھی ملی ہے، اگر تم فارم 45 کے مطابق فتح یاب ہوئے تو اپنے ہاتھوں سے تمہیں جیت کا ہار پہناؤں گی۔ تفصیلات کے مطابق این اے 71 سیالکوٹ سے تحریک انصاف کی حمایت یافتہ امید وار ریحانہ ڈار نے سابق وفاقی وزیر اور سینئر ن لیگی رہنما خواجہ آصف پر الزام عائد کیا ہے کہ لیگی رہنما نے عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔۔۔۔۔۔۔

عوام کا سمندر ایک ماں کے ساتھ ہے، کارکن چور چور کے نعرے لگا رہے ہیں، خواجہ آصف تمہیں شرم آنی چاہئے، میں ہائیکورٹ میں اصل فارم 45 ساتھ لے کر جاؤں گی۔ ریحانہ ڈار نے کہا کہ اگر تم فارم 45 کے مطابق فتح یاب ہوئے تو اپنے ہاتھوں سے تمہیں جیت کا ہار پہناؤں گی، ماں کا تمہیں ایک بار پھر چیلنج ہے، میرا ہائیکورٹ میں سامنا کرو، مجھے اللہ تعالیٰ نے عزت دی ہے۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ این اے 71 سیالکوٹ میں عام انتخابات کے دوران ن لیگ کے امیدوار خواجہ آصف کو دھاندلی کر کے جتوایا گیا۔ تحریک انصاف کا دعوٰی ہے کہ 8 فروری کو این اے 71 کے 99 فیصد پولنگ اسٹیشنز کے نتائج میں ریحانہ ڈار 50 ہزار ووٹوں کی برتری سے الیکشن جیت رہی تھیں، تاہم بعد ازاں انہیں فارم 47 کی بنیاد پر ہرا دیا گیا۔

تحریک انصاف کا دعوٰی ہے کہ این اے 71 کے پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 کے تحت ریحانہ ڈار واضح اکثریت سے الیکشن جیت چکی ہیں۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن ) نے خواجہ محمد آصف کو قومی اسمبلی میں پارٹی کا پارلیمانی لیڈر مقرر کر دیا ۔ مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے پارٹی کے صدر شہباز شریف کی منظوری کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close