اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے سید نیر حسین بخاری نے سینیٹر بہرامند تنگی کو پارٹی کا نام استعمال کرنے سے روک دیا اور کہا کہ پیپلزپارٹی ان کی بنیادی ممبرشپ ختم کر چکی ہے۔
انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ سینیٹر بہرامند تنگی کی سینیٹ میں جمع کی گئی قرارداد سے پیپلزپارٹی کا کوئی تعلق نہیں ہے، سینیٹر بہرامند تنگی کا پیپلزپارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے، سینیٹر بہرامند تنگی کو پارٹی پالیسی سے انحراف کرنے پر اظہار وجوہ کا نوٹس دیا گیا تھا۔ سید نیرحسین بخاری نے کہا کہ سینیٹر تنگی پارٹی کے سامنے وضاحت کرنے میں ناکام رہے تھے، پیپلزپارٹی چارسدہ کے صدر نے سینیٹر تنگی کی بنیادی رکنیت منسوخ کر دی تھی، سینیٹر تنگی 11 مارچ کو سینیٹ کی رکنیت سے ریٹائر ہو رہے ہیں، سینیٹر بہرامند تنگی پارٹی کا نام استعمال نہ کرے پیپلزپارٹی ان کی بنیادی ممبر شپ ختم کر چکی ہے۔ یاد رہے سینیٹر بہرہ مند خان تنگی نے سینیٹ میں مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پابندی کی قرارداد جمع کروا دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 4 مارچ کو ہونے والے سینیٹ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ملک میں نوجوان نسل کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں، یہ پلیٹ فارم ہمارے مذہب اور ثقافت کے خلاف اصولوں کو فروغ دینے، زبان اور مذہب کی بنیاد پر لوگوں میں نفرت پیدا کرنے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے سینیٹر کا قرارداد میں کہنا ہے کہ افواج پاکستان کے خلاف منفی اور بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے کے ذریعے ملکی مفادات کے خلاف ایسے پلیٹ فارمز کے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں، اس طرح کے پلیٹ فارم کو مفاد پرستوں کی جانب سے مختلف مسائل کے بارے میں جعلی خبریں پھیلانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور نوجوان نسل کو دھوکہ دینے کے لیے ملک میں جعلی قیادت پیدا کرنے اور اسے فروغ دینے کی کوشش کی جاتی ہے، لہذا سینیٹ آف پاکستان کی جانب سے حکومت سے سفارش کی جاتی ہے کہ وہ فیس بک، ٹک ٹاک، انسٹاگرام، ٹویٹر (ایکس) اور یوٹیوب پر پابندی عائد کرے تاکہ نوجوان نسل کو ان کے منفی اور تباہ کن اثرات سے بچایا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں