وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے عوام کو بڑی خوشخبری سنا دی

پشاور(پی این آئی)نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈا نے اپنے پہلے خطاب میں صوبے کے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہاکہ یکم رمضان سے صوبے کے عوام کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت مل جائے گی۔

خیبرپختونخوااسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہاکہ ہمارے کارکنوں کے ساتھ جو ظلم ہوا وہ کسی فسطائیت میں نہیں ہوا،ہمارے لیڈر کا قصور یہ ہے کہ عوام اور پاکستان کی خودمختاری کی بات کی،ہمارے لیڈر نے قوم کیلئے 27سال جدوجہد کی،مطالبہ ہے کہ فری اینڈ فیئر ٹرائل کیا جائے ہمارے لیڈر کو جلد رہا کیا جائے،ان کا کہناتھا کہ میرا لیڈر صحیح کہتا تھا کہ ہم آزاد نہیں غلام ہیں، حقیقی آزادی ہماری ضرورت ہے۔نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ جو ظلم ہوا اس کا ازالہ کریں اور اپنی اصلاح کریں،ہم انتقام نہیں چاہتے، یہ ملک اور ادارے ہمارے ہیں،ایسا نظام چاہتے ہیں کہ کوئی بھی اس ملک میں زیادتی نہ کرسکے۔ان کا کہناتھا کہ وعدہ کرتا ہوں کہ بانی پی ٹی آئی کے اعتماد پر پورا اتروں گا،لیول پلئنگ فیلڈ تو چھوڑیں ہم سے انتخابی نشان بھی لیا گیا،ہم نے وہ حق ادا کرنا ہے جس کیلئے عوام نے یہاں بھیجا ہے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ یہ ان کی بھول ہے ہم حق لینا بھی جانتے ہیں اور چھیننا بھی،ریاست کی ذمے داری ہے کہ ہمیں ہمارا حق دے،میں خود کو پیش کرتا ہوں آئیں ہمارے حلقے کھولیں،فارم 45کو کھولیں جو مینڈیٹ چوری ہوا ہے قوم کے سامنے لائیں،ہم ایسا نظام لائیں گے کہ دھاندلی نہ ہو سکے،ہم پہلے بھی ایسا نظام لانا چاہتے تھے لیکن دھاندلی کرنے والوں نے مخالفت کی،ان کاکہناتھا کہ بانی پی ٹی آئی کو ہٹانے کے بعد معاشی حالات دیکھ لیں،پی ٹی آئی کے دور میں ملک میں خوشحالی تھی، مہنگائی نہیں تھی،آج پوری قوم جان گئی کی سلیکٹڈ کون ہے،یہ سلیکٹڈ بار بار آتے ہیں عوام کی دولت چوری کرتے ہیں،ہم قانون بنائیں گے جو بھی چوری کرے گا اس کے خلاف جہاد کریں گے،ہمارے 80فیصد لوگوں کے کاغذات مسترد کئے گئے ، عدالتوں میں بحال ہوئے،چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ ہے کہ استعفیٰ دیں،کسی نے ایک دن کیلئے حکومت نہیں چھوڑی ہم نے دو صوبوں میں حکومت چھوڑی،ہمارے لئے حکومت اہم نہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ میں اپنے گھر پر تھا مجھ پر 9مئی کی 9ایف آئی آرز کاٹی گئیں،اگر میں نے کچھ غلط کیا ہے تو آئیں مجھے گرفتار کرلیں،میرے کارکنوں، خواتین اور لیڈر پر غلط ایف آئی آرز ختم کریں،چیف جسٹس سے مطالبہ ہے 9مئی پر جوڈیشل کمیشن بنائیں،ایف آئی آر درج کرنے والے اصلاح کریں یا سزا کیلئے تیار رہیں۔نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ حلف دیتے ہیں کہ نہ کرپشن کریں گے اور نہ کسی کو کرنے دیں گے،عوام سے کہتا ہوں کہ کسی کی جرأت نہیں کہ آپ سے رشوت مانگے،حلف دیتے ہیں کہ نہ کرپشن کریں گے اور نہ کسی کو کرنے دیں گے،کوئی رشوت مانگے تو اس کے خلاف کھڑے ہو جائیں،رشوت لینا والا اور دینے والا دونوں جہنمی ہیں،ان کا کہناتھا کہ ملک کی طرح صوبے کے معاشی حالات بھی سب کے سامنے ہیں،صوبے کا ریونیو بڑھانے پر توجہ دیں گے، جو بھی مائننگ کرنے والے حکومت کو حق نہیں دیں گے ان کو کام کرنے نہیں دوں گا، ہم نے غریبوں پر مزید بوجھ نہیں ڈالنا ہےْ

سب تیار ہو جائیں ایسا قانون بنے گا جہاں سب برابر ہوں گے،معدنیات عوام کے فائدے کیلئے استعمال نہیں ہوں گے تو کسی کو ہاتھ لگانے نہیں دوں گا، ہم ملک کو بجلی بنا کر دے رہے ہیں ہمیں مہنگی بجلی دی جارہی ہے،بجلی کی مد میں اپنا حق لیں گے، ساڈا حق اتیھے رکھ ،خواتین کو جائیداد، وراثت میں حق اور مفت قانونی معاونت دیں گے، علی امین گنڈاپور نے کہاکہ تیل اور گیس کے ذخائر صوبے میں موجود ہیں،تیل اور گیس کے مزید ذخائر دریافت کرنے پر توجہ دیں گے،یکم رمضان سے صوبے کے عوام کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت مل جائے گی،میں آج یہاں ایمان کے ساتھ کھڑا ہوں، خوف کا بت توڑ دیں ،میں سے نکلیں میں کا بت توڑ دیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں