نئے بجلی کنکشنز لگوانے والوں کیلئے بُری خبر آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کے لیے نئے بجلی کنکشن کی سکیورٹی فیس میں ہوشربا اضافے کی تیاری کرلی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کنکشن کی سکیورٹی فیس میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے نیپرا ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نیپرا میں درخواست دائر کی ہے جس میں گھریلو صارفین کے لیے بجلی کنکشن کی سکیورٹی فیس 1 ہزار 220 روپے سے بڑھا کر 18 ہزار روپے کرنے کی درخواست کردی گئی۔ ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ درخواست کی منظوری کی صورت میں سنگل فیز میٹر پر کنکشن کے لیے صارفین کو 24 ہزار روپے تک ادائیگی کرنا پڑے گی، 10 کلو واٹ سے کم لوڈ والے صارفین کو 20 ہزار روپے فی کلو واٹ ادائیگی کرنا ہوگی، اسی طرح دیہی علاقوں میں سکیورٹی فیس 610 روپے سے بڑھا کر 7ہزار 800 روپے فی کلو واٹ کرنے کی درخواست کی گئی ہے، درخواست منظور ہونے پر 10 مرلہ سے زائد اراضی کے حامل صارفین کو پراپرٹی ریٹ کا ایک فیصد ادا کرنا پڑے گا۔ نیپرا ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ صنعتی، اسٹریٹ لائٹس اور ہاؤسنگ سوسائٹیز کے لیے بھی سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت کمرشل اور چھوٹی صنعت کی فیس 2ہزار 10 روپے سے بڑھا کر 57 ہزار روپے فی کلوواٹ کرنےکی درخواست دائر ہوئی، وزارت پاور ڈویژن نے 3 ماہ کے بلوں کے مطابق سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم نیپرا میں سماعت کے بعد سکیورٹی فیس بڑھا کر ڈیمانڈ نوٹسز کا اجراء کیا جائے گا۔

بتایا جارہا ہے کہ ابھی چند روز قبل ہی نیپرا نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک اور لائف لائن صافین کے علاوہ ملک بھر میں بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 7 روپے 5 پیسے اضافے کی منظوری دی ہے، یوں بجلی صارفین پر مزید 66 ارب روپے کا اضافہ بوجھ لاد دیا گیا ہے، بجلی صارفین سے جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ مارچ کے بلوں میں وصول کی جائے گی، نیپرا نے بجلی مہنگی کرنے کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close