بین الاقوامی تنظیم نے پاکستان میں الیکشن کو متنازعہ قرار دیتے ہوئے بُری خبر سنا دی

اسلام آباد (پی ای آئی) موڈیز نے پاکستان کے انتخابات کو انتہائی متنازعہ قرار دے دیا۔ عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کے عام انتخابات کو انتہائی متنازعہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ متنازعہ الیکشن کے نتیجے میں بننے والی کمزور مینڈیٹ والی حکومت کو نئے آئی ایم ایف پروگرام کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے اپنی تازہ ترین جائزہ رپورٹ میں پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ ہائی کریڈٹ رسک Caa3 پر برقرار رکھتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان یہ اہداف حاصل کرلیتا ہے تو مستقبل قریب میں کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کی جاسکتی ہے۔ متنازعہ الیکشن کے نتیجے میں کمزور مینڈیٹ والی حکومت کے قیام کے بعد پاکستان کو بیرونی قرضوں کی ادائیگی کیلئے بھی کافی دباؤ کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، اگر آئی ایم ایف سے بروقت نیا معاہدہ نہ ہوا اور دیگر پارٹنرز سے قرض نہ مل سکے تو دیوالیے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔ موڈیز کا کہنا ہے کہ سماجی دباؤ اور ناقص گورننس آئی ایم ایف معاہدے اور دیگر معاملات میں بے یقینی پیدا کرسکتے ہیں، اگر آئی ایم ایف سے بروقت معاہدہ ہوجائے اور دیگر بائی لیٹرل اور ملٹی لیٹرل پارٹنرز سے بغیر کسی تاخیر کے قرضے مل جائیں تو دیوالیہ کے خطرات دور ہوجائیں گے، تاہم ان قرضوں کے حصول کیلئے پاکستان کے سماجی حالات فیصلہ کن کردار ادا کریں گے۔

ادھر مالیاتی امور کے حوالے سے امریکی نشریاتی ادارے بلومبرگ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ڈالربانڈ میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھ چکی ہے کیوں کہ پاکستان کی سیاسی صورتحال میں بہتری ہوئی، انتخابات نے سیاسی بے یقینی ختم کی، پاکستان کا ڈالر بانڈ اچھا قرار دیا جانے لگا ہے، اسی لیے پاکستان کا ڈالر بانڈ بھاؤ مارکیٹ سے زیادہ ہے، تاہم پالیسی خدشات گزشتہ برس جیسے ہی ہیں لیکن آئی ایم اف معاہدے سے یہ بھی ختم ہوسکتے ہیں اور پاکستان کی ریٹنگ بہتر ہوسکتی ہے۔ اپنی ایک اور رپورٹ میں بلومبرگ نے کہا کہ پاکستان کے ڈالر بانڈز جنوری میں ایشیا کے بہترین پرفارمر رہے، 2023ء میں پاکستان بانڈز میں گزشتہ ماہ 9 فیصد کا اضافہ ہوا تاہم آئی ایم ایف معاہدہ ختم ہونے پر پاکستان کی بانڈ ریلی کو انتخابی امتحان کا سامنا ہے، مارچ میں موجودہ آئی ایم ایف بیل آؤٹ پر مذاکرات کا امکان ہے، اس سے قبل سرمایہ کاروں کو آئی ایم ایف معاہدے کے لیے ایک نئے لیڈر کا انتظار ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close