صدر مملکت عارف علوی کیخلاف آرٹیکل 6کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کر دیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء خواجہ آصف نے کہا ہے کہ صدر مملکت نے دوبارہ آئین کی خلاف ورزی کی ہے، آرٹیکل 6 کا مقدمہ چلنا چاہیئے، 9 مئی میں ملوث لوگوں کا حساب کتاب ہونا چاہیے۔

انہوں نے پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی استحکام کیلئے صرف سیاستدان نہیں باقی پلیئرز بھی ہیں، سیاسی استحکام کیلئے سب کو مل بیٹھنا چاہیے، جو بگاڑ اس وقت پیدا ہوا وہی ہم بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ریاست کو چیلنج کیا گیا، 9 مئی میں ملوث لوگوں کا حساب کتاب ہونا چاہیے، نیب کے ذریعے نوازشریف اور ان کے کارکنان کے ساتھ بہت کچھ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت نے دوبارہ آئین کی خلاف ورزی کی ہے، عارف علوی پر آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلنا چاہیئے۔ مزید برآں پاکستان مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس قائد نوازشریف کی زیرصدارت ہوا، جس میں حکومت سازی سے متعلق غور کیا گیا۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی نے دو اہم بڑے عہدوں کی توثیق کر دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کو وزیراعظم اور سردار ایاز صادق کو اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے نامزد کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رانا ثناءاللہ کو مشیر داخلہ بنائے جانے کا امکان ہے۔

اسی طرح پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے پارلیمنٹ میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی حکومت سیاسی اور معاشی استحکام لائے گی، معیشت سے ساری معاملات جڑے ہوئے ہیں، یہ حکومت معیشت کو ٹھیک کرے گی، اس کے بعد سیاسی عدم استحکام کی کوئی بات نہیں ہے، حکومت معیشت کو ٹھیک کرے گی تو سب ٹھیک ہوگا، یہ حکومت مدت بھی پوری کرے گی، اللہ کرے ہر وزیراعظم اپنی مدت پوری کرے، طویل عرصے بعد پارلیمنٹ آنا اچھا لگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں