صدر کاقومی اسمبلی اجلاس نہ بلانے سے متعلق عمران خان کا ردعمل آگیا

راولپنڈی (پی این آئی)بانی تحریک انصاف عمران خان نےکہا ہےکہ صدر نے قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلا کر بالکل ٹھیک کیا، پارٹی جیتی ہوئی ہے مگر مخصوص نشستیں نہیں دی جا رہیں۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی کو ختم کرنےکے لیے 9 مئی کا استعمال کیا گیا، ظلم سے پارٹی ختم نہیں ہوئی بلکہ سب سے مضبوط جماعت بن گئی۔بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کو بھیجا جانے والا خط غداری قرار دیا جا رہا ہے، میں جیل سے کوئی بھی چیز لکھ کر باہر نہیں بھیج سکتا، آئی ایم ایف کے لیے خط میں نے ڈکٹیٹ کرایا ہے، خط ڈکٹیٹ کرانے سے اب تک پارٹی رہنماؤں سے ملاقات نہیں ہوئی۔صحافی نے کہا کہ پچھلی سماعت پر آپ نےکہا خط لکھ دیا اور بھیج بھی دیا ہے؟اس پر عمران خان کا کہنا تھا کہ آج پارٹی رہنماؤں سےمشاورت کے بعد آئی ایم ایف کو خط بھیج دیا جائےگا، خط میں یہی لکھا جائےگا سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آسکتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close