مولانا فضل الرحمٰن کا پی ٹی آئی کے حق میں بڑا مطالبہ سامنے آگیا

پشاور( پی این آئی) سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اگر الیکشن میں پی ٹی آئی جیتی ہے تو ان کو حکومت دیں، اگر ان کی مداخلت ہے تو آئندہ الیکشن کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوگا، الیکشن مہم میں عوام کو پتا چل جاتا ہے کہ کون جیت رہا اور کون ہار رہا ہے، اگر پی ٹی آئی جیتی ہے تو ان کا 9 مئی کا بیانیہ دفن ہوگیا ہے۔

انہوں نے پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں ہم اسمبلیوں میں تھے اور کہتے تھے کہ غلط ہوا ہے، اس وقت بھی تمام جماعتیں اسمبلیوں میں تھیں آج مئوقف کیوں تبدیل ہوگیا ہے۔ اس وقت بھی سب کہتے تھے کہ دھاندلی ہوئی ہے آج بھی سب کہہ رہے ہیں۔ میں سب دوستوں سے کہوں گا کہ اتھارٹی کا معاملہ اسٹیبلشمنٹ نے ہاتھ میں رکھا، کہ اسمبلیاں بھی ان کی مرضی کے مطابق اور بندے بھی ان کی مرضی کے مطابق ہوں گے یہاں تک کے سیاسی جماعتوں کو کہا جاتا ہے کہ آپ فلاں فلاں امیدوار کھڑا کرو، سسٹم میں مداخلت ختم ہونی چاہیے۔ یہ نہ پوچھو کہ ہمیں کہا گیا کہ کس کو کھڑا کرو کس کو نہیں، کام بہت خراب ہے تھوڑا نہیں بہت زیادہ خراب ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سسٹم سے باہر ہیں لیکن ملک کے اندر ہیں، آنے والے دنوں میں بتاؤں گا کہ آنے والے دنوں میں جو سسٹم کے اندر ہیں وہ روئیں گے، جو سسٹم سے باہر ہیں وہ جم کر اور جرات کے ساتھ بات کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ساری زندگی الیکشن لڑے ، الیکشن لڑتے داڑھی سفید ہوگئی، 1965 کا بھی الیکشن یاد ہے جبکہ 1970 کے الیکشن میں اپنے والد کی مہم چلائی تھی، الیکشن مہم میں عوام کو پتا چل جاتا ہے کہ کون جیت رہا اور کون ہار رہا ہے، یہاں وہ لوگ جیتے جو گھروں میں سوئے ہوئے تھے وہ جیت گئے، پی ٹی آئی جیتی ہے تو ان کو حکومت دیں، اگر ان کی مداخلت ہے تو آئندہ الیکشن کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوگا،یہ ’ان‘ ہوگئے ہیں، ہم باہر رہ گئے، یہ ’ ان ‘ ہوکر بھی باہر جائیں گے، ملک ان سے نہیں چلے گا، یہ سسٹم گر جائے گا، ہم نے ہمیشہ ملک کے استحکام کی جنگ لڑی ہے، اگر پی ٹی آئی جیتی ہے تو ان کو حکومت دیں ، ورنہ ان کا 9مئی کا بیانیہ دفن ہوگیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے وقت بھی کہا تھا کہ مقابلے کا مزہ نہیں آرہا، ہماری پوزیشن واضح ہے ہم کسی حکومت میں شامل نہیں ہونا چاہتے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close