اسلام آباد (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن میں چئیرمین بننے کیلئے 4 امیدوار میدان میں آگئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات کیلئے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کا وقت ختم ہوگیا، انٹراپارٹی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا وقت 25 فروری سہ پہر تین بجے تک تھا، مقررہ وقت تک بانی چیئرمین عمران خان کے نامزدکردہ امیدوار برائے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے انٹراپارٹی انتخابات کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے جب کہ مرکزی تنظیم کیلئے بانی چیئرمین کے نامزدکردہ امیدوار برائے مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کی قیادت میں 15 رکنی پینل کے کاغذاتِ نامزدگی بھی جمع کروائے۔
بتایا گیا ہے کہ بیرسٹر گوہر علی خان کے علاوہ پارٹی کی چیئرمین شپ کے لیے سندھ سے اشرف قریشی، بلوچستان سے محمد اسلم اور خیبرپختونخوا سے نوید انجم نے بھی کاغذاتِ نامزدگی داخل کروا دیئے جب کہ پنجاب سے بانی چیئرمین کے نامزد کردہ ڈاکٹر یاسمین راشد کے علاوہ محمد خان مدنی اور اسد حنیف نے بھی پنجاب کی صوبائی تنظیم کیلئے پینلز کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ صوبہ سندھ کی تنظیم کیلئے بانی چیئرمین کے نامزد کردہ حلیم عادل شیخ اور خاوند بخش غلام محمد کی قیادت میں دو پینلز کے کاغذاتِ نامزدگی موصول ہوئے ہیں، اسی طرح بلوچستان سے بانی چیئرمین کے نامزد کردہ ڈاکٹر مینر بلوچ کے علاوہ 5 دیگر افراد نے اپنے پینلز کے ہمراہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیئے۔
بلوچستان کی تنظیم کیلئے اپنے پینلز کے ہمراہ کاغذاتِ نامزدگی داخل کروانے والوں میں سید جعفر آغا، نوابزادہ امین اللہ جوگیزئی، داؤد شاہ، سید عبدالصادق اور بابر مرغزانی شامل ہیں۔بتایا جارہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا سے بانی چیئرمین کے نامزد کردہ علی امین گنڈا پور کی قیادت میں خیبرپختونخوا کی تنظیم کیلئے پینل کے کاغذاتِ نامزدگی بھی موصول ہوئے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے فیڈرل الیکشن کمیشن کی جانب سے انٹراپارٹی انتخابات میں شرکت کے خواہاں امیدواروں سے کاغذاتِ نامزدگی کی وصولی کیلئے مرکز اور صوبوں میں الگ الگ ریٹرننگ افسران مقرر کئے گئے، ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات طے شدہ شیڈیول کے مطابق 3 مارچ کو منعقد کیے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں