وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب، پی ٹی آئی کا سرپرائز دینے کا اعلان

لاہور (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کے لیے نامزد امیدوار نے سرپرائز دینے کا دعویٰ کردیا۔

 

 

 

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے سنی اتخاد کونسل یعنی پی ٹی آئی کے امیدوار رانا آفتاب نے کہا ہے کہ ہم میدان خالی نہیں چھوڑیں گے، ہمارے پاس اچھے نمبرز ہیں، ہم صبح سرپرائز دیں گے، اسی لیے ہم نے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں کیوں کہ میدان نہیں چھوڑنا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان نے اچھا پوائنٹ اٹھایا ابھی ہاؤس مکمل نہیں ہے، دہرا معیار ہے خیبرپختونخوا میں اجلاس نہیں بلایا جا رہا جب کہ یہاں ہماری مخصوص نشستیں نہیں دی جا رہیں، ہمارے ارکان کو اسمبلی میں آنے نہیں دیا جا رہا، ہم بطور احتجاج اجلاس میں شامل ہوئے ہیں، ہمارے پاس اچھا نمبر ہے، صبح ہم سرپرائز دیں گے۔رانا آفتاب نے شریف خاندان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپنے گھر کے علاوہ کسی کو عہدہ نہیں دیں سکتے، اگر ان لوگوں نے ایسا ہی کرنا ہے تو جاتی امرا میں اسمبلی بنا لیں، ہمارے لیے تو عہدوں سے زیادہ اپنے کارکنوں کی زندگیاں عزیز ہیں۔

 

 

 

بتایا جارہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدوں پر مسلم لیگ ن کے امیدوار بھارتی اکثریت سے کامیاب ہوگئے، اس کے بعد اگلا مرحلہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کے انتخاب کا ہے، اس سلسلے میں پیر کے روز صبح 11 بجے الیکشن ہوگا، مسلم لیگ ن کی جانب سے مریم نواز وزیر اعلیٰ پنجاب کی امیدوار ہوں گی جن کا مقابلہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار رانا آفتاب کے ساتھ ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں