راولپنڈی (پی این آئی) ملک کے سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر چوہدری نثار علی خان بھی انتخابی نتائج کے خلاف بول پڑے۔
تفصیلات کے مطابق 8 فروری کے الیکشن کے بعد پہلی بار چوہدری نثار علی خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے، جس میں وہ کسی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، اس دوران سابق وفاقی وزیر کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ جو مبارکبادیں لے رہے ہیں ان کو مبارکبادیں لینے دیں، ان کو اسی طرح جوتیاں پڑیں گی، کمشنر راولپنڈی بول پڑا اور بھی بولیں گے، بالآخر فتح حق کی ہے، مایوس نہیں ہونا۔ان کا کہنا ہے کہ پچھلی بار میں پی ٹی اٸی میں جانے کو تیار نہیں تھا اس بار ن لیگ میں جانے کو تیار نہیں تھا، میں کسی کی نوکری نہیں کرتا، میں نوکری کسی فوجی کی بھی نہیں کرتا میں عزت کی سیاست کرتا ہوں لیکن اس وقت عزت کی ساست نہیں تھی۔چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ جن کو بدترین شکست ہوئی اور ووٹ بھی نہیں ملے، جو لوگ چند پولنگ سٹیشنز بھی نہیں جیت سکے اور بیٹھے ہیں کہ میں ایم این اے ہوں، میں ایم پی اے ہوں، بے شرم وہ ہیں جنہیں پتا ہے ہم ہار گئے ہیں وہ مبارکیں لے رہے ہیں، ان کو مبارک دینے والے بھی بے شرم ہیں، ہم ان بے شرموں میں نہیں ہیں، ہم اپنے مقام پر کھڑے ہونے والے لوگ ہیں، گیدڑ بھپکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک اس وقت سنگین بحرانوں کا شکار ہے، ہم نے کشتی کو پار لگانا ہے اور ملک کو بچانا ہے، جن لوگوں کی ملک بچانے کی ذمہ داری ہے وہ دو نمبر لوگوں کو زبردستی ممبر بنا رہے ہیں، اس کا جواب وہ روز محشر اللہ تعالیٰ کے سامنے دیں گے مگر دنیا میں بھی دیں گے، اس کا حساب دنیا میں بھی ہوگا، بہت سی باتیں میں اس لیے نہیں کرتا کیوں کہ میں پاکستان کی مشکلات میں اضافہ نہیں کرنا چاہتا لیکن جب اس قسم کا وقت آتا ہے تو میں کلام پاک سے رہنمائی لیتا ہوں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں