اسلام آباد (پی این آئی) اسلام آباد سے نومنتخب ایم این اے راجہ خرم شہزاد نواز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر کے خلاف آزادی مارچ مقدمہ کے معاملے میں نومنتخب ایم این اے راجہ خرم شہزاد نواز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے، سابق وفاقی وزیر اسد عمر اور علی نواز اعوان کے عدالت سرینڈر ہوجانے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ ہوگئے۔بتایا گیا ہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ خان کنڈی نے کیس کی سماعت کی، سابق وفاقی وزیر اسد عمر اور علی نواز اعوان اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، تاہم عدالت نے طلبی کے باوجود عدالت پیش نہ ہونے پر راجہ خرم شہزاد نواز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے، اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف تھانہ سہالہ میں مقدمہ درج ہے۔معلوم ہوا ہے کہ عدالت نے اسدعمر اور علی نواز اعوان کے عدالت سرینڈر کردینے کے بعد وارنٹ منسوخی کی درخواست منظور کرلی، تاہم اسد عمراور علی نواز اعوان کی جانب سے بریت کی الگ الگ درخواستیں دائر کی گئی ہیں، عدالت نے بریت درخواستوں پر دلائل طلب کرلیے، عدالت نے مزید سماعت26 فروری تک ملتوی کردی۔
بتایا جارہا ہے کہ اسلام آباد سے ایم این اے منتخب ہونے والے راجہ خرم نواز نے 9 مئی واقعات کے بعد ساتھیوں سمیت تحریک انصاف چھوڑدی تھی، ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی یادگاروں اور تنصیبات پر حملہ کیا گیا، 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے، ان ہی واقعات کی وجہ سے میں اور میرے ساتھی پی ٹی آئی کے تمام عہدوں سے استعفٰی دیتے ہیں،اب ہم تحریک انصاف کا حصہ نہیں ہیں، حلقے کے لوگوں سے مشاورت کے بعد پی ٹی آئی کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں