کوئٹہ (پی این آئی ) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے آزاد ایم این اے کو ن لیگ کا رکن قرار دے دیا، این اے 262 کوئٹہ سے الیکشن جیتنے والے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ عادل خان بازئی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا حلف نامہ بھی جمع کروا چکے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے بعد بلوچستان سے پاکستان تحریک انصاف کے واحد حمایت یافتہ آزاد رکن قومی اسمبلی عادل بازئی کی ن لیگ میں شمولیت کے اعلان پر تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔8 فروری کے عام انتخابات میں بلوچستان سے صرف دو ہی آزاد امیدوار ایم این اے منتخب ہوئے ہیں جن میں سے ایک عادل خان بازئی اور دوسرے میاں خان بگٹی ہیں۔ میاں خان بگٹی این اے 253 ڈیرہ بگٹی کم کوہلو کم سبی کم ہرنائی کم زیارت سے آزاد حیثیت سے کامیاب ہوئے۔جبکہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ عادم خان بازئی این اے 262 کوئٹہ سے فتحیاب ہوئے۔ تاہم الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بلوچستان سے دونوں آزاد امیدواروں نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کر لی ہے اور اس بنیاد پر خواتین کی نشستوں کی تقسیم کر دی گئی ہے۔
تاہم عادل بازئی نے ن لیگ میں شمولیت کی تردید کر دی ہے۔ عادل بازئی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر وضاحتی بیان جاری کیا اور کہا کہ انہوں نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار نہیں کی۔ ان کے مطابق انہوں نے پارٹی پالیسی کے مطابق سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کا حلف نامہ الیکشن کمیشن میں 20 فروری کو جمع کرا دیا ہے۔ جبکہ پی ٹی آئی بلوچستان کے میڈیا کوآرڈینیٹر آصف ترین کے مطابق عادل بازئی سے گذشتہ تین دنوں سے کوئی رابطہ نہیں ہو رہا اور ان کے سارے موبائل فون نمبر بند جا رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں