بشریٰ بی بی کو جیل منتقل کرنے سے انکار کر دیا گیا، وجہ کیا بنی؟

اسلام آباد (پی این آئی) انتظامیہ نے سابقہ خاتون اول بشریٰ بی بی کو سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے جیل منتقل کرنے سے انکار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام اباد ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بنی گالا سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر سماعت ہوئی، بشری بی بی کی بنی گالا سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت میں سماعت کی گئی، اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی جس میں جیل انتظامیہ کی جانب سے بشریٰ بی بی کو جیل منتقل کرنے سے انکار کردیا گیا، اس حوالے سے انتظامیہ کا مؤقف ہے ’ہمارے پاس جیل میں جگہ کم ھے. 250 خواتین پہلے قید ہیں، سیکیورٹی خدشات بھی ہیں‘۔

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے بشریٰ بی بی کی زندگی کو دورانِ قید لاحق سنگین خطرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا، تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ ایک بے بنیاد مقدمے میں ناحق قید سابق خاتون اول بشریٰ بی بی زہریلا کھانا دیے جانے کے باعث گزشتہ 6 روز سے شدید تکلیف میں مبتلا ہیں، بشریٰ بی بی کو ان کا آئینی حق سلب کرتے ہوئے طبی معائنے کی اجازت نہ دے کران کی صحت اور زندگی کو سنگین خطرات لاحق کیے جا رہے ہیں، بشریٰ بی بی کو نقصان پہنچانے کے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت آئین اور جیل قواعد و ضوابط کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست کے باوجود ان کو بنی گالا سب جیل میں قید تنہائی میں محصور رکھنا بانی چئیرمین عمران خان کے حوصلے پست کرنے کی ایک انتہائی شرمناک اور مذموم کوشش ہے، عمران خان کو جھکانے کے تمام غیرآئینی، غیرجمہوری اور غیراخلاقی حربوں کی ناکامی کے بعد مشکل وقت میں ان کا ساتھ دینے والی نیک اور باپردہ خاتون کو نشانہ بنانا اس فرسودہ نظام کی بوسیدگی کو مزید عیاں کرتا ہے، سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کو پہنچنے والی کسی بھی نقصان کی ذمہ داری جیل حکام اور نگران حکومت پر عائد ہوگی، اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست کے مطابق بشریٰ بی بی کا جلد سے جلد ان کے فیملی معالج سے طبی معائنہ کروایا جائے، عدالت بشریٰ بی بی کی جیل منتقلی کی درخواست پر فوری سماعت کرتے ہوئے ان کو بنی گالا سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close