راولپنڈی (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ سالک اور شافع پہلے گجرات کے عوام کا مینڈیٹ واپس کریں پھر بات کرنے کا سوچیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سابق سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کے ہمراہ عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستانی عوام نے عمران خان سے محبت کا ثبوت ووٹ کی صورت میں دیا، لاڈلوں نے راتوں رات پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کر لیا، سالک اور شافع پہلے گجرات کے عوام کا مینڈیٹ واپس کریں پھر بات کرنے کا سوچیں گے، گجرات، منڈی بہاؤالدین، تلہ گنگ کا مینڈیٹ چوری کرنے والے اپنے کیفر کردار کو پہنچنے والے ہیں، اصل مینڈیٹ چوری کرنے والا محسن نقوی اور اس کی پولیس پارٹی ہے، ایسے کیئر ٹیکر کی اب انشاء اللہ باری آنے والی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلے بھی عوام کا وزیراعظم تھا، آج بھی ہے اور انشاء اللہ کل بھی رہے گا، عمران خان عوام کے دلوں میں بستا ہے، عوام ایسی حکومت کو قبول نہیں کریں گے جسے ان کی حمایت حاصل نہ ہو، انشاء اللہ عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کیلئے ہر جنگ لڑیں گے۔
پاکستانی عوام نے ہمیں مایوس نہیں کیا، عوام بھی مایوس نہ ہوں، انشاء اللہ ان ووٹ چوروں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم کوئی آئی ایم ایف کے ذمہ دار نہیں، یہ جانیں اور لاڈلے جانیں، مرکز اور پنجاب میں پی ٹی آئی کے ووٹ چوری کرنے والے ملک کو معاشی بحران سے نہیں نکال سکتے، عوام نے لاڈلوں کو مسترد کر دیا پھر یہ کس منہ سے عوامی مفاد کی بات کرتے ہیں، مینڈیٹ چور ملکی مفاد میں نہیں بلکہ اپنے مفاد کی خاطر اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں، الیکشن مہم میں ایک دوسرے کے خلاف بولنے والے الیکشن کے بعد ایک بار پھر ملک لوٹنے کیلئے ایک ہو گئے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں