اسلام آباد (پی این آئی) دھاندلی کااعتراف اور مستعفی ہونے کا اعلان کرنے والے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے بارے میں اعلیٰ حکام کو بھجوائی جانے والی مبینہ رپورٹ سینئر صحافی حامد میر نے شیئرکردی اور رپورٹ کے حوالے سے بتایاکہ’انکے خاندان کے کئی افراد کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے ،وہ حمزہ شہباز سمیت مسلم لیگ ن کی اہم شخصیات کے بہت قریب رہے ہیں اور ذہنی و جسمانی طور پر بالکل ٹھیک ہیں‘۔
شیئرہونیوالی رپورٹ کے مندرجات میں لکھا گیا کہ ’لیاقت علی چٹھہ کا حافظ آباد کے زمیندار گھرانےسے تعلق ہے جو دوران سروس کلیدی پوسٹوں پر تعینات رہے، شہبازشریف کی وزارت اعلیٰ کے دوران سی ایم سیکریٹریٹ میں اہم ذمہ داری سرانجام دیتے رہے اور اس تعیناتی کے دوران شریف فیملی کا خاص آدمی بن گیا ، وہ حمزہ شہبازشریف کا دست راست گردانا جاتا رہا۔بعد ازاں ڈی سی فیصل آباد رہے اور ایک عمومی خیال تھا کہ حمزہ شہباز کے زیر سایہ پوسٹنگز لیتے ہیں، حمزہ شہبازان کے آبائی گھر بھی جاچکے ہیں اور لیاقت علی اپنے زیر اثرخاندانوں سے مسلم لیگ ن کیلئے ووٹ بھی مانگتے رہے، مسلم لیگ ن سے وابستہ ان کے ایک بہنوئی اور چچازاد بشارت علی چٹھہ چیئرمین یونین کونسل بھی رہ چکے ، ایک بہنوئی استحکام پاکستان پارٹی سے وابستہ ہے ، تیسرا بہنوئی لاہور پولیس میں انسپکٹر ہے ‘۔
رپورٹ میں مزید کہاگیا کہ’ لیاقت علی لاہور میں ہوں تو زیادہ تر رحمان گارڈن میں قیام کرتے ہیں ، وہ نہ کسی سے ذاتی رنجش یا دشمنی رکھتے ہیں اور نہ ہی زیادہ ضلعی سیاسی شخصیات سے میل جول رکھتے ہیںتاہم تارڑ فیملی سے خاندانی مراسم ہیں۔دوران سروس ان کا کوئی کرپشن یا مالی بے ضابطگی کا سکینڈل ابتدائی طورپر معلوم نہیں ہوسکا ، وہ ذہنی و جسمانی طورپر مضبوط آدمی ہیں‘۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں