اسلام آباد ( پی این آئی ) پاکستان بارکونسل نے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔
اپنے ایک بیان میں پاکستان بارکونسل کا کہنا ہے کہ کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی فوری تحقیقات کی جائیں کیوں کہ انتخابی عمل میں دھاندلی کے الزامات سے الیکشن کی شفافیت اور ساکھ متاثر ہوئی ہے، سیاسی جماعتیں الزامات کی تحقیقات کے لیے ایک آزاد کمیشن پر متفق ہوں، پاکستان کے استحکام اور جمہوری عمل پر عوام کے اعتماد کے لیے سیاسی جماعتیں کردار ادا کریں۔
ادھر کمشنر راولپنڈی کی جانب سے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات پر الیکشن کمیشن کا ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں کمیشن کے اراکین شریک ہوئے، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور ممبر الیکشن کمیشن پنجاب بابر حسن بھروانہ نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی، اجلاس میں کمشنر راولپنڈی کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر غور وغوض کیا گیا اور ان الزامات کی چھان بین کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ کمیٹی کی صدارت سینیئر ممبر الیکشن کمیشن کریں گے، کمیٹی میں سیکرٹری، اسپیشل سیکرٹری اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قانون شامل ہوں گے، یہ کمیٹی راولپنڈی کے ڈی آر او اور متعلقہ آر اوز کےاس سلسلے میں بیانات قلمبند کرے گی اور تین دن میں اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کرے گی، کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد کمشنر راولپنڈی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن اور دیگر قانونی کاروائی کے بارے میں بھی فیصلہ کیا جائے گا۔
اسی معاملے پر ایک اور اہم پیشرفت یہ سامنے آئی کہ لیاقت علی چٹھہ کا تبادلہ کر دیا گیا ہے، لیاقت چٹھہ کو فوری طور پر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی، ڈی جی آر ڈی اے سیف انور جپہ کو کمشنر راولپنڈی کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے، اس سے قبل راولپنڈی کمشنر آفس کو سیل کر دیا گیا تھا، کمشنر راولپنڈی کے الزامات اور مستعفی ہونے کے بعد پولیس نے کمشنر آفس کو گھیر کر سیل کر لیا تھا اور کسی بھی شخص کو کمشنر آفس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں