اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سازی کیلئے ایک سے زیادہ جماعتوں سے اتحاد کرنے کا عندیہ دے دیا۔
ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان سے اتحاد نہیں کریں گے، تاہم ہوسکتا ہے حکومت سازی کے لیے ہم ایک سے زائد جماعتوں سے اتحاد کریں، سنی اتحاد کونسل اور جماعت اسلامی سے پہلے بھی بات چیت تھی، سنی اتحاد کونسل کے ساتھ بات چیت کافی حد تک آگے بڑھ چکی ہے جب کہ مجلس وحدت مسلمین ہماری پرانی اتحادی ہے، اس سے اتحاد ختم کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے، ہم کوئی مذہبی اتحاد بھی بنانے نہیں جارہے، ہمارا مقصد جمہوری اقدار اور جمہوری کلچر کو فروغ دینا ہے اور جمہوری کی جڑیں مضبوط کرنے کیلئے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ بھی بیٹھ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم سے انتخابی نشان چھینا گیا، ہم قومی اسمبلی میں سب سے بڑی جماعت ہیں، ہم پارلیمنٹ میں بیٹھ کر کردار ادا کریں گے، ہماری 180 سیٹوں میں سے 80 نشستوں پر ڈاکا ڈالا گیا، ہماری پہلی ترجیح نشستیں واپس لینا ہے۔
ان معاملات کو الیکشن کمیشن لے کر جائیں گے، ہمارے پاس پر امن سیاسی احتجاج کا آپشن بھی ہے، انتخابی دھاندلی کےخلاف ملک بھر میں احتجاج ہو رہا ہے، جی ڈی اے نے اپنی تاریخ کا بڑا جلسہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دور میں 4 لانگ مارچ کیے گئے، ہم نے کسی سیاسی سرگرمی پر رکاوٹ نہیں کھڑی کی، پرامن احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے، لوگوں کے پرامن احتجاج کا راستہ نہ روکا جائے، ملکی مسائل کا حل سب کو سیاسی حق دینے سے نکلے گا، پاکستان کی معاشی صورتحال انتہائی سنگین ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ جو پروگرام ہے وہ آگے چلنا چاہیے، ہمیں آمدنی کے ذرائع کو بھی بڑھانا ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں