دوبارہ پولنگ، ن لیگ کو شکست ہوگئی

کوئٹہ(پی این آئی)بلوچستان کے ضلع کوہلو میں این اے 253میں سات پولنگ سٹیشنوں میں ری پولنگ کے بعد این اے 253 غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ آ گیا۔

 

 

 

این اے 253 کوہلو میں آزاد امیدوار وڈیرہ میاں خان بگٹی کو سات پولنگ سٹیشنوں میں ری پولنگ کے نتیجہ میں 617 ووٹ ملے۔ مسلم لیگ نون کے امیدوار دوستین ڈومکی کو 48 ووٹ ملے۔ ریٹرننگ آفیسر نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 253 میں تمام 406 پولنگ اسٹیشنوں کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ آج جاری کر دیا ہے جس کے مطابق آزاد امیدوار میاں خان بگٹی 47300 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں۔ مسلم لیگ نون کے امیدوار میر دوستین ڈومکی کو 44691 ووٹ ملے۔ اس طرح وہ تین ہزار سات سو نو ووٹوں کے فرق سے الیکشن ہار گئے۔ این اے 253 زیارت، ہرنائی، سبی اور کوہلو کے علاقوں پر مشتمل رقبہ کے لحاظ سے ایک بڑا حلقہ ہے۔

 

 

این اے 253 سے آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے میاں محمد خان بگٹی آج جمعہ کو ہونے والی ری پولنگ سے پہلے ہی مسلم لیگ نون میں شامل ہونے کا اعلان کر چکے ہیں۔ ہفتہ دس فروری کو میاں محمد خان بگٹی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے ساتھ فون پر بات کی تھی اور کہا تھا کہ وہ مسلم لیگ نون میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ شہباز شریف نے بگٹی کو ن لیگ میں خوش آمدید کہا۔میاں محمد خان بگٹی نے کہا کہ میں باضابطہ طور پر مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کر رہا ہوں، مجھے مسلم لیگ ن کا ٹکٹ نہیں ملا تھا، اب آزاد امیدوار کی حیثیت سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد میں نے مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

 

 

 

ابتدا مین سامنے آنے والے غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق این اے 253 سے میاں محمد خان بگٹی نے 46 ہزار 683 ووٹ لیے تھے۔ ان کے مقابل امیدوار دوستین ڈومکی نے سات پولنگ سٹیشنوں پر بدامنی کے واقعات کے شواہد کے ساتھ شکایت کر کے الیکشن کمیشن سے ان پولنگ سٹیشنوں پر ری پولنگ کا حکم حاصل کیا تھا جو آج ہوئی تو بگٹی کے ووٹ مزید بڑھ کر 47300 ہوگئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں