فوجی اسٹیبلشمنٹ کا عمران خان سے رابطے کا انکشاف، سابق سیکرٹری دفاع نے بڑا دعویٰ کردیا

اسلام آباد (پی این آئی) سابق سیکریٹری دفاع اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعیم خالد لودھی نے کہا ہے کہ فوجی اسٹیبلشمنٹ نے عمران خان سے رابطہ کیا تھا لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

 

 

 

ریٹائرڈ جرنیل نے کہا کہ وہ یہ بات جانتے ہیں کہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ نے بالواسطہ عمران خان سے رابطہ کیا تھا،عمران خان کو پیغام دیا گیا تھا کہ وہ اعتراف کریں کہ انہوں نے 9؍ مئی کے حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی، اپنے کیے پر معافی مانگیں اور یقین دلائیں کہ وہ آئندہ ایسا کچھ نہیں کریں گے، اس کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے 9؍ مئی کے حملوں کی منصوبہ بندی نہیں کی تھی، آتشزدگی اور غنڈہ گردی کے واقعات میں ملوث افراد کی مذمت کی اور کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ان واقعات میں ملوث افراد کو پی ٹی آئی سے نکال دیا جائے گا۔

 

 

 

جنرل لودھی نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ الیکشن کے بعد دونوں کے درمیان رابطہ ہوا ہے یا نہیں تاہم ایسے اقدامات کا امکان موجود ہے ، عمران خان اور پی ٹی آئی کو پاک فوج کے ادارے کی حقیقت کو قبول کر لینا چاہئے اور اس سے الجھنے سے گریز کرنا چاہئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چونکہ پی ٹی آئی مقبول ترین سیاسی وجود بن کر ابھری ہے اسلئے ملٹری اسٹیبلشمنٹ کو بھی چاہئے کہ وہ اس حقیقت کو تسلیم کرے اور پاکستان کے بہترین مفاد کیلئے کچھ مفاہمت کی راہ ہموار کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں