پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار کی پیپلزپارٹی میں شمولیت پر حلقے کی عوام مشتعل ہوگئی، گھر کا گھیرائو کر لیا

کراچی (پی این آئی) کراچی سے منتخب ہونے والے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار کی پیپلز پارٹی میں شمولیت، علاقہ مکینوں کاشدید ردعمل۔

کراچی کے علاقے ملیر سے تحریک انصاف کی حمایت سے منتخب ہونے والے اعجاز سواتی کی پارٹی سے بے وفائی پر حلقے کی عوام نے نومنتخب ایم پی اے کے گھر کا گھیراو کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر سے منتخب آزاد رکن سندھ اسمبلی اعجاز سواتی نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد علاقہ مکینوں نے ان کے گھر کا گھیراو کرلیا۔ اعجاز سواتی پی ایس 88 ملیر سے پی ٹی آئی کی حمایت سے آزاد حیثیت میں منتخب ہوئے تھے، اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا تھا کہ حلقے کے عوام، دوستوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے پیپلز پارٹی میں شامل ہورہا ہوں، امید ہے پیپلز پارٹی حقیقی طور پر حلقے کی خوشحالی کے لیے کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر مشروط طور پر پیپلزپارٹی میں شامل ہو رہا ہوں۔

تاہم، ان کے اس اعلان کے بعد علاقہ مکینوں نے ان کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین نے اعجاز سواتی کے گھر کا گھیراو کیا اور شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے کہاکہ اعجاز سواتی نے پی ٹی آئی کا مینڈیٹ فروخت کیا ہے۔ واضح رہے کہ اعجاز سواتی کی شمولیت سے سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی ارکان کی تعداد 86 ہوجائے گی۔ جبکہ دوسری جانب تحریک انصاف کے پنجاب اسمبلی کے بھی دو نومنتخب ایم پی ایز اور لاہور سے ایک ایم این اے ن لیگ میں شامل ہو چکے۔ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 225 لودھراں سے پی ٹی آئی کی حمایت سے منتخب ہونے والی شازیہ ترین اور پی پی 283 سے علی اصغر گرمانی نے ن لیگ سے ہاتھ ملا لیا ۔ جبکہ لاہور سے منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے ایم این اے وسیم قادر بھی ن لیگ سے ہاتھ ملا چکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close