نئی قومی اسمبلی کا اجلاس کب بلایا جائیگا؟ ممکنہ تاریخ آ گئی

اسلام آباد(پی این آئی)عام انتخابات کے بعد جہاں حکومت سازی کے لیے جوڑ توڑ جاری ہے وہیں اب نئی پارلیمان کا اجلاس بلانے کی بھی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے حتمی تاریخ ابھی تک طے نہیں ہوسکی ۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئین کے مطابق انتخابات کے 21 روز کے اندر اجلاس بلایا جانا لازم ہے، 21 روز 29فروری کو مکمل ہونا ہیں۔ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس اس سے پہلے بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی اجلاس بلانے کی تاریخ کی سفارش وزیرپارلیمانی امور مرتضٰی سولنگی کریں گے کیونکہ قانون کے مطابق انتخابات کے بعد نگران وزیر پارلیمانی امور قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سفارش نگران وزیراعظم کو کرتے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ یہ سفارش سمری کی شکل میں نگران وزیراعظم کو جائے گی، نگران وزیراعظم سمری کی منظوری دے کر صدر کو مقررہ تاریخ پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ایڈوائس کریں گے۔اس کے بعد صدر مملکت قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری کی منظوری دیں گے، قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close