اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی پورے ملک سے 180 نشستیں جیت گئی، جمعرات تک وزیراعظم کیلیے نام کا اعلان کریں گے۔
دیگر رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی تینوں سیٹیں ہم جیت چکے ہیں، بلوچستان میں ہم 4 سیٹوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پنجاب سے 115، سندھ سے 16 اور خیبرپختونخوا سے 42 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔رہنما پی ٹی آئی نے دعویٓ کیا کہ پی ٹی آئی پورے ملک سے 180 نشستیں جیت گئی، ہمارے امیدواروں کو 10 سے 25 کروڑ کی پیشکش کی جا رہی ہے۔بیرسٹرگوہر علی خان نے کہا کہ جمعرات تک وزیراعظم کیلئے نام کا اعلان کریں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن میں اللہ نے ہمیں سرخروکیا ہے، عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا لیکن ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، ہمارا صرف یہی مطالبہ ہے کہ جس کاجو مینڈیٹ ہے، اسے دیا جائے۔بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ بہت جلد انٹراپارٹی الیکشن ہوں گے۔اس موقع پر رہنما علی ظفر نے کہا ہے کہ الیکشن کے بعد پہلی بار بانی پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی۔
علی ظفر نے کہا کہ عمران خان نے پارٹی رہنمائوں سے کہا ہے کہ وہ حکومت بنانے کے لیے، وزیراعظم، وزیر اعلیٰ اور قومی اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب کے لیے مذاکرات کا آغاز کردیں۔انہوںنے کہاکہ عمران خان نے انہیں ہدایت دی ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سوا کسی بھی جماعت سے رابطے کرسکتے ہیں۔علی ظفر نے کہا کہ ایک ہفتے سے 10 دن میں انٹرا پارٹی الیکشن ہوجائیں گے، الیکشن کمیشن کو ہمارے انٹراپارٹی الیکشن تسلیم کرنا ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں