نگران وزیراعظم کا سخت پیغام آگیا، الیکشن نتائج کے حوالے سے بھی اہم بیان

اسلام آباد (پی این آئی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ انارکی پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، فسادیوں کو قانون کے مطابق ڈیل کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو پاکستان کے عوام نے ووٹ کاسٹ کیا، پاکستان کو اب بھی دہشت گردی کا سامنا ہے، خطرات کے باوجود پرامن انتخابات کا انعقاد ہوا، اس دوران بین الاقوامی مبصرین موجود رہے، رپورٹس تھی غیر ریاستی عناصر موبائل سم کے ذریعے دھماکے کریں گے، انتخابات کے کامیاب انعقاد میں سکیورٹی اداروں نے اہم کردار ادا کیا۔ ایک سوال کے جواب میں نگران وزیراعظم نے کہا کہ پرامن احتجاج سیاسی کارکنوں کا حق ہے، تاہم انارکی پھیلانے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دیں گے، پرامن احتجاج ماضی میں بھی ہوئے یہ آئینی حق ہے، ہوسکتا ہے کہیں نتائج میں بے قاعدگی ہو اس کے لیے متعلقہ فورم موجود ہے، انڈونیشیا میں ووٹ گنتی کرتے ہوئے ایک مہینہ لگا تھا، ہمارے یہاں ووٹوں کی گنتی میں کتنا وقت لگا؟ ہمارے یہاں الیکشن کے نتائج 36 گھنٹوں میں مکمل ہوئے، 2018ء میں الیکشن کے نتائج 66 گھنٹوں میں مرتب ہوئے تھے۔

اسی حوالے سے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے انکشاف کیا ہے کہ ٹھوس شواہد ملے ہیں 9 مئی کی طرز پر ایک نئی خوفناک سازش تیار کی گئی ہے، اس سازش کو آہنی ہاتھوں سے کچل دیں گے، الیکشن کا پورا پراسیس ہوتا ہے جو کامیابی سے پورا ہوا لیکن اب ہمارے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ ایک گروہ دوبارہ 9 مئی جیسے واقعات کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، اس بار بندوبست بھی پورا ہے، ایجنسیوں نے نو مئی جیسے ایک اور واقعے کے دہرائے جانے کی منصوبہ بندی کی گفتگو پکڑی ہے، ایسا کوئی عمل نہ دہرایا جائے، ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا، کسی نے بھی شرانگیزی کی کوشش کی تو سخت رد عمل ہوگا۔

close