الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی کتنی نشستوں کے نتائج روک دیے؟ اہم خبر آگئی

اسلام آباد ( پی این آئی ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے امیدواروں کی شکایات پر کئی حلقوں کے حتمی نتائج روک دیئے۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 مانسہرہ کے نتائج میں مبینہ تبدیلی کی سماعت کی، جہاں نواز شریف کے وکیل نے این اے 15 مانسہرہ کا حتمی نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ’ریٹرننگ افسر کا این اے 15 کا جاری فارم 47 درست نہیں، اس حلقے میں الیکشن شفاف نہیں ہوئے، فارم 45 بغیر فارم 47 جاری نہیں ہوسکتا‘، کمیشن نے این اے 15 مانسہرہ میں ریٹرننگ افسر کو حتمی نوٹیفکیشن کے اجرا سے روک دیا۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے تینوں حلقوں این اے 46 ، این اے 47 اور این اے 48 کے بھی حتمی نتائج روک دیئے، ان حلقوں پر نتائج آزاد امیدواروں نے چیلنج کئے تھے جب کہ الیکشن کمیشن نے آزاد امیدواروں تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش کے صوبائی حلقوں میں بھی حتمی نتائج جاری کرنے سے روک دیا۔

بتایا جارہا ہے اس کے علاوہ عام انتخابات میں کامیاب امیدواروں سے انتخابی اخراجات کی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024ء میں کامیاب ہونے والے امیدواروں سے انتخابی اخراجات کی تفصیلات مانگ لی ہیں، اس حوالے سے نومنتخب امیدواران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ جلدازجلد انتخابی اخراجات کی تفصیلات ریٹرنگ افسران کو جمع کرائیں، کاغذات جمع کرانے سے لے کر نتائج تک کے اخراجات کی تفصیلات جمع کرائیں جائیں۔