لاہور (پی این آئی) آزاد حیثیت میں صوبائی حلقہ پی پی 280 سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے والے سردار شہباب الدین سہڑ نے چھینہ گروپ سے تعلق کی تردید کرتے ہوئے ن لیگ میں شمولیت کی خبر جھوٹ قرار دے دی۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حمایت سے آزاد منتخب ہوا ہوں، میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ کھڑا تھا اور آئندہ بھی کھڑا رہوں گا، میرے چھینہ گروپ سے تعلق اور (ن) لیگ میں شمولیت کے حوالے سے میڈیا میں چلنے والی خبریں جھوٹی ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ پنجاب میں حکومت سازی کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن اور استحکام پاکستان پارٹی نے صوبائی اسمبلی کا الیکشن جیتنے والے 8 آزاد ارکان سے رابطہ کیا ہے، ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی کے آزاد ارکان سے رابطہ کیا جب کہ استحکام پاکستان پارٹی کے جہانگیر ترین نے بھی آزاد ارکان سے رابطہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد ارکان میں غضنفر چھینہ، شہاب الدین سیہڑ، تیمور امجد، غضنفر قریشی، علی رضا خاکوانی، امیر محمد حسن خیلی، جہانزیب خان کھچی اور صاحبزادہ غزین عباسی شامل ہیں، آزاد ارکان سے ن لیگ اور آئی پی پی قائدین کی آج ملاقاتوں کا بھی امکان ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے رابطے کے بعد پنجاب کے 8 آزاد ارکان کا اجلاس ہوا، اجلاس میں دونوں جماعتوں کے ساتھ رابطوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں آزاد ارکان نے حکومت سازی میں مل کر کردار کرنے پر اتفاق کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں