مریم نواز کا مدِمقابل پی ٹی آئی اُمیدوار بھی گرفتار

لاہور (پی این آئی ) لاہور پولیس نے مریم نواز کے خلاف الیکشن لڑنے والے پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار شہزاد فاروق کو گرفتار کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 کے انتخابی نتائج میں مبینہ تبدیلی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے آر او آفس کے باہر احتجاج کیا، اس دوران پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کیا گیا اور پولیس نے آزاد امیدوار شہزاد فاروق کو بھی گرفتار کرلیا۔بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہزاد فاروق نے این اے 119 لاہور کے آر او کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے، شہزاد فاروق نے فارم 45 کے مطابق نتیجہ جاری کرنے کی اپیل کی ہے، اس حلقہ سے چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے لاہور سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 119 کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں مریم نواز 83 ہزار 855 ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں جب کہ آزاد امیدوار شہزاد فاروق 68 ہزار 376 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

ادھر الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے تینوں حلقوں این اے 46 ، این اے 47 اور این اے 48 کے بھی حتمی نتائج روک دیئے، ان حلقوں پر نتائج آزاد امیدواروں نے چیلنج کئے تھے جب کہ الیکشن کمیشن نے آزاد امیدواروں تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش کے صوبائی حلقوں میں بھی حتمی نتائج جاری کرنے سے روک دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close