مانسہرہ (پی این آئی) قومی اسمبلی کی نشست این اے 15 سےجمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار مفتی کفایت اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف کو بھی شکست تسلیم کرلینی چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں کہا ہے کہ این اے 15 کا امیدوار تھا میں کنٹرول روم میں موجود تھا رزلٹ کو قریب سے دیکھا ہے اس کے علاوہ تمام پولنگ اسٹیشن پر ہمارے ایجنٹ موجود تھے ہمیں کسی قسم کی ایسی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی جس سے الیکشن مشکوک ہوں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں میں زیادہ جوش نظر آرہا تھا، پی ٹی آئی کا ووٹر باہر نکلا ہے اس وجہ سے آزاد امیدوار شہزادہ محمد گستاسپ خان نے کامیابی حاصل کی ۔عوام کی رائے کا احترام کرنا چاہیے ، اگر عوام کی رائے کا احترام نہیں ہو گا تو یہ ملک سالمیت پر بہت بڑا سوال ہو گا ۔ میری رائے تو یہی ہے کہ فارم 45 ، فارم 46 اور فارم 47 کو دیکھ لیا جائے تو شہزادہ محمد گستاسپ خان ونر ہیں اور یہ ان کا حق بھی ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار مفتی کفایت کا کہنا تھا کہ این اے 15 پر کوئی بدنیتی نہیں ہوئی، عوام نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار شہزادہ محمد گستاسپ خان کو ووٹ دیا۔ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف کو بھی شکست تسلیم کرنی چاہیے، ان کا کیس بہت کمزور ہے۔ میں اپنی ہار کو قبول کرتا ہوں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں