اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان کے بارہویں اور ملکی تاریخ کے سب سے بڑے عام انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا، ملک بھر میں پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
عام انتخابات کے دوران قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں کیلئے 882 خواتین اور 4 خواجہ سراؤں سمیت ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن کی تعداد 17 ہزار 816 بنتی ہے۔عام انتخابات کیلئے جاری پولنگ کے دوران ملک بھر میں 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز آج اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹر کو قومی اسمبلی کیلئے سبز اور صوبائی اسمبلی کیلئے سفید بیلٹ پیپر دیا جائے گا، ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹر کو اصل شناختی کارڈ دکھانا لازم ہوگا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ چار انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی اموات کی وجہ سے پولنگ ملتوی کی گئی ہے۔عام انتخابات کیلئے خصوصی سکیورٹی فیچرز کے حامل 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق 2018 عام انتخابات کیلئے 22 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے تھے اور اس پر 800 ٹن اسپیشل سکیورٹی کاغذ استعمال ہوا تھا جبکہ 2024 کے عام انتخابات کیلئے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں جس پر 2170 ٹن کاغذ استعمال ہوا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں